پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ 40 دنوں پر محیط لانگ حج پیکیج کے اخراجات 25 ہزار کی کمی کے ساتھ 10 لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کر دیے گئے ہیں۔
منگل کو وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق لانگ پیکیج میں تیسری قسط کے 4 لاکھ 50 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے۔
25 دنوں پر محیط شارٹ حج پیکیج کے 50 ہزار روپے کی مزید کمی کے ساتھ 11 لاکھ روپے مقرر کیے گئے ہیں۔ جبکہ شارٹ حج پیکیج کی تیسری قسط 5 لاکھ روپے ہو گی۔
مزید پڑھیں
-
’حج کُک‘ پروگرام: سعودی شیف عازمین کے لیے پکوان تیار کریں گےNode ID: 884666
-
حج 2025 کے تربیتی پروگرام پنجاب کے کن اضلاع میں؟Node ID: 884763
تیسری قسط نامزد بینکوں میں 6 فروری تا 14 فروری جمع کروانا لازم ہے۔ ہر عازم حج کو اس کی اطلاع موبائل ایپ ’پاک حج‘ پر مل جائے گی۔
بیان کے مطابق سال 2024 کے حجاج کرام کو پونے پانچ ارب روپے سے زائد رقم واپس کی جا رہی ہے۔ رقوم کی واپسی کی سات مختلف کیٹگریاں ہیں۔ رقم میں فرق کی وجہ منیٰ زون، مکہ رہائش، مکتب سی ہے۔
نیز قربانی ریفنڈ اور فضائی کرایوں میں بچت کا فائدہ بھی حجاج کرام کو دیا جا رہا ہے۔
سال 2024 کے 14 فیصد (9588) حجاج کرام کو 20 ہزار روپے بینک اکاونٹس میں منتقل کیے جا رہے ہیں۔
5 فیصد (3358) حجاج کرام کو 35 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ 19 فیصد (12981) حجاج کرام کو 50 ہزار روپے، 23 فیصد (16037)حجاج کرام کو 75 ہزار روپے، 26 فیصد (17828) حجاج کرام کو 90 ہزار روپے، 10 فیصد(6784) حجاج کرام کو 1 لاکھ 10 ہزار روپے، جبکہ 3 فیصد (2228) حجاج کرام کو ایک لاکھ 40 ہزار روپے متعلقہ بینک برانچ کے ذریعے واپس ملیں گے۔
وزارت نامزد بینکوں میں اگلے دو روز میں رقم کی منتقلی شروع کر دے گی۔