محمد بن سلمان ولیعہد:اسٹاک کو عروج
پرائس انڈکس بڑھ گیا ، سارے اشاریوں میں مثبت رجحان ،145ارب ریال کا فائدہ ،مورگن اسٹینلے کیپٹل انٹرنیشنل نے تد اول کو واچ لسٹ میں شامل کرنے کا عندیہ دیدیا
جدہ (غیاث الدین)شہزادہ محمد بن سلمان کے ولی عہد بنتے ہی اسٹاک مارکیٹ کی سرگرمیوں میں بے تحاشا اضافہ دیکھنے میں آیا ۔ تداول آل شیئر انڈکس 604.91پوائنٹس اضافہ کے بعد 7425.72پوائنٹس پر اختتام پذیر ہوا ۔ اتنا اضافہ سالوں بعد دیکھنے میں آیا ہے ۔ مارکیٹ میں تیزی کی دوسری وجہ یہ بھی ہے کہ مورگن اسٹینلے کیپیٹل انٹرنیشنل نے تد اول کو ابھرتی ہوئی مارکیٹ کے واچ لسٹ میں شامل کرنے کا عندیہ دیدیا ہے ۔ امید ہے کہ تداول کو 2018ءتک ایم ایس سی آئی میں شامل کرلیا جائے گا ۔ مورگن اسٹینلے جو دنیا بھر کے ہزاروں انڈیکیسنر کا تجزیہ پیش کرنے کا با اعتبار ادارہ ہے ۔ اس میں شمولیت سے تداول دنیا بھر کی بڑی بڑی سرمایہ کار کمپنیوں کی نظر میں آجائے گی اور تداول میں سرمایہ کاری کا رجحان بڑھ جائے گا ۔ گزشتہ ہفتہ سعودی اسٹاک مارکیٹ کےلئے اےک تاریخی ہفتہ تھا ۔ جس میں سارے اشاریوں نے بے پناہ اضافوں سے پیش قدمی کی پرائس انڈکس میں 8.87فیصد ، سودوں کو حجم میں بالترتیب 51فیصد اور 79فیصد اضافہ نوٹ کیا گیا جبکہ کاروباری مالیت 144فیصد کے گرانقدر اضافہ کے ساتھ 26ارب ریال تک پہنچ گئی اور سرمایہ کاروں کو 145ارب ریال کا فائدہ ہوا ۔ بنکنگ سیکٹر کا پرائس انڈکس 12.06فیصد بڑھ گیا جس میں نیشنل کمرشل بینک کو سب سے زیادہ فائدہ ہوا جس کی قیمت 20فیصد فروغ کے بعد 53.11ریال پر اختتام پذیر ہوئی ۔ نیشنل کمرشل بینک نے اپنے ششماہی نتائج کے ساتھ 11فیصد ڈیویڈنڈعرب نیشنل بنک نے 5.5فیصد ڈیویڈنڈ کا اعلان کیا اور اسکی قیمت 13.18فیصد اضافہ کے بعد 22.41ریال پر بند ہوئی ۔ میٹیریلز کا سیکٹر جو تداول کا سب سے بڑا سیکٹر ہے جس کا انڈکس میں وزن 30فیصد ہے اس میں شامل معادن کو سب سے زیادہ فوقیت حاصل رہی جس کی قیمت 21.8فیصد اضافہ کے بعد 48.95ریال پر بند ہوئی ۔ اسی سیکٹر میں شامل سابک جس نے اپنے ششماہی نتائج کے ساتھ 20فیصد ڈیویڈنڈ ادا کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ اس کی قیمت 3.41فیصد فروغ کے بعد 102.33ریال پر اختتام پذیر ہوئی ۔