Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرحدی علاقوں میں ’ٹرفل‘ کی تلاش پر 30 ماہ قید اور 25 ہزار ریال جرمانہ

 ان دنوں ٹرفل کی تلاش میں کافی لوگ صحرا کا رخ کرتے ہیں۔ (فوٹو سبق)
کوسٹ گارڈ نے سرحدی علاقوں میں زمینی کھمبیاں ’ٹرفل‘ تلاش کرنے والوں کو خبردار کیا ہے کہ ایسا کرنا قانون شکنی ہے جس پر قید اور جرمانے کی سزا مقرر ہے۔
اخبار 24 کے مطابق کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ سرحدی علاقوں میں عام افراد کے جانے پر پابندی ہے ایسا کرنے پر قید و جرمانے کی سزا مقرر ہے۔ ان دنوں مملکت کے صحرائی علاقوں میں ٹرفل پلانٹ کی کثرت ہوتی ہے جسے تلاش کرنے کے لیے لوگ سرحدی علاقوں کا رخ کرتے ہیں۔
کوسٹ گارڈ نے خبردار کیا ہے کہ سرحدی علاقوں میں ٹرفل کی تلاش کرنا قانونی طور پر منع ہے ایسا کرنے پر 30 ماہ قید اور 25 ہزار ریال جرمانہ مقرر ہے۔ دونوں سزائیں بیک وقت بھی دی جاسکتی ہیں۔
واضح رہے  موسم سرما میں مملکت کے شمالی علاقوں میں ٹرفل پلانٹ جسے زمینی کھمبی بھی کہا جاتا ہے بکثرت اگتی ہیں جو انتہائی مہنگے داموں فروخت ہوتی ہیں۔
موسم سرما میں مملکت کے جن علاقوں میں ٹرفل پائے جاتے ہیں ان میں الجوف، شمالی حدود، مشرقی ریجن اور قصیم شامل ہیں۔ ٹرفل کے سیزن کے شروع ہوتے ہی بڑی تعداد میں لوگ اس کی تلاش میں نکل پڑتے ہیں۔
خیال رہے ٹرفل دنیا کا مہنگا اور نایاب پھل شمار ہوتا ہے جس کی تلاش کے لیے تربیت یافتہ کتوں کی مدد لی جاتی ہے۔ عام طور پر یہ پھل صحراؤں اور جنگلوں میں مخصوص درختوں کی جڑوں کے پاس زیر زمین اگتا ہے۔
تربیت یافتہ کتے زیر زمین اس پھل کی بو سونگھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اس لیے ان دنوں ٹرفل کی تلاش میں کافی لوگ صحرا کا رخ کرتے ہیں۔
ایک تحقیق کے مطابق صحرا میں پائی جانے والی اس قیمتی مشروم کی تلاش کافی مشکل ہوتی ہے جس کے لیے باقاعدہ کتوں کو تربیت دی جاتی ہے۔ یورپی مارکیٹ میں اس کی بہت زیادہ ڈیمانڈ ہے۔ سعودی عرب اور شام کے علاقے حلب کے صحرا میں یہ قیمتی پھل بکثرت پایا جاتا ہے۔

 

 

شیئر: