Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے شمالی علاقے میں ’کھمبیوں‘ کی تلاش کا دلچسپ مشغلہ

اس خاص دریافت کو علاقائی ورثے کی خوبصورتی کے ساتھ جوڑا جاتا ہے۔ فوٹو واس
سعودی عرب کے شمالی علاقوں میں کھمبیاں (ٹرفل) تلاش کرنا ایک سالانہ مشغلہ ہے جو اس دلچسپ دریافت کو ورثے کی خوبصورتی کے ساتھ جوڑتی ہے۔
سعودی نیوز ایجنسی واس کے مطابق یہ دلچسپ سرگرمی فطرت اور ورثے کے شوقین افراد کو اپنی طرف راغب کرتی ہے جو سورج نکلنے کے ساتھ ہی اس قیمتی خود رو پھل جسے علاقائی زبان میں قمع کہا جاتا ہے اس کی تلاش کے لیے نکلتے ہیں۔
مملکت کے شمالی سرحدی علاقے الصحان  کے پُرسکون صحرائی ماحول میں ٹرفل تلاش کرنے کے شوقین افراد کے ایک گروپ نے کھمبیاں اکٹھی کرتے ہوئے بارش کی خوشبو کو زمین اور پودوں کے ساتھ ملتے ہوئے محسوس کیا۔
شوقین افراد روایتی انداز میں مٹی کھودتے ہیں اور پودوں کے قریب موجود ممکنہ کھمبی کے مقامات کی نشاندہی کرتے ہیں،اس تجربے کا مقامی ثقافت سے گہرا تعلق ہے۔
ٹرفل تلاش کرنے کے شوقین افراد ہلکے اوزار استعمال کرتے ہیں یا پھر لکڑی کے ڈنڈوں کی مدد سے مٹی ہٹا کر چھپی ہوئی نعمتوں کو دریافت کرتے ہیں۔
متعدد افراد ہاتھوں سے مٹی کی سطح کو نرمی سے ہٹاتے ہیں تاکہ کھمبیاں خراب یا ضائع نہ ہوں اور کھمبیاں رکھنے کے لیے اپنے ساتھ تھیلے اور ٹوکریاں لے کر جاتے ہیں۔

صحرائی کھمبیوں کو پکنے کے لیے 50 سے 70 دن کی ضرورت ہوتی ہے۔ فوٹو واس

سعودی عرب میں ان خاص قسم کی کھمبیوں کی متعدد اقسام موجود ہیں جن میں ’زبیدی‘ گو ل شکل کی وجہ سے زیادہ مشہور ہے۔
دوسری قسم ’خلاسی‘ کے نام سے جانی جاتی ہے جو نسبتاچھوٹی اور غیر مناسب شکل کی ہوتی ہے۔ چھوٹے سائز کی گول کھمبی کو ’جبی‘ کہا جاتا ہے جب کہ غیر مناسب شکل کو ’ہوپر‘ کا نام دیا گیا ہے،جنہیں منفرد ذائقے کی وجہ سے سراہا جاتا ہے۔
کھمبیاں نکالنے کا موسم جنوری سے مارچ کے آخر تک جاری رہتا ہے جو عام طور پر سردیوں کے خاتمے سے بہار کے آغاز تک بارش کے موسم کے ساتھ ہوتا ہے۔ 

خود رو کھمبیاں پکنے کے بعد زمین میں ہلکی دراڑ سے اظہار کرتی ہیں۔ فوٹو واس

صحرائی علاقے میں کھمبیوں کی افزائش کی مدت مختلف ہوتی ہے، جس کا انحصار بارش پر ہوتا ہے، کچھ کھمبیوں کو 50 سے 70 دن کی ضرورت ہوتی ہے جب کہ دیگر کم وقت میں بھی تیار ہو جاتی ہیں۔
کھمبیاں کو عام طور پر جنگلی پھپھوندی کی طرح کا پھل کہا جاتا ہے جو زمین کی سطح کے نیچے پایا جاتا ہے۔ اس کی نشوونما مٹی، نمی اور ارد گرد کے پودوں پر منحصر ہوتی ہے۔

علاقائی باشندے سورج نکلنتے ہی خود رو پھل کی تلاش کرتے ہیں۔ فوٹو واس

اس علاقے میں پائی جانے والی کھمبیاں ہوادار ریتیلی یا مٹیلی زمین میں اچھی طرح پروان چڑھتی ہیں اور پکنے جانے پر زمین میں ہلکی دراڑ سےاپنا اظہار کرتی ہیں۔
علاقے میں پائی جانے والی کھمبیوں کی تلاش قدیم روایت کو دوبارہ زندہ رکھتی ہے جو کئی نسلوں سے چلی آ رہی ہے اور اس تلاش کو فطرت کے ساتھ جڑے ورثے کے جشن کے طور پر منایا جاتا ہے۔

 

شیئر: