فیفا نے آٹھ برس میں تیسری بار پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت معطل کر دی
جمعہ 7 فروری 2025 9:56
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
سال 2017 سے اب تک پی ایف ایف کی تیسری بار رکنیت معطل ہو چکی ہے۔ (فوٹو: فیفا)
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت معطل کر دی ہے۔
فیفا نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) جب تک فیفا اور ایشین فٹبال فیڈریشن (اے ایف سی) کی تجاویز کے مطابق اپنے آئین میں ترمیم نہیں کرتی، تب تک اس کی رکنیت معطل رہے گی۔
پی ایف ایف سال 2015 سے بحران اور تنازعات کا شکار ہے اور 2017 کے بعد یہ تیسرا موقع ہے جب پاکستان کی رکنیت معطل کی گئی ہے۔
فیفا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’پی ایف ایف کی رکنیت آئین میں ترامیم نہ اپنانے پر فوری معطل کر دی گئی ہے، ترامیم سے حقیقی معنوں میں منصفانہ اور جمہوری انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جا سکتا ہے اور یہ فیفا کے اصولوں کے مطابق پی ایف ایف کی نارملائزیشن کے عمل کو یقینی بنانے میں اہم ہے۔‘
فیفا کے مطابق معطلی صرف اس صورت میں ختم کی جائے گی اگر پی ایف ایف کانگریس فیفا اور ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کے پیش کردہ آئین کی منظوری دے۔
اس سے قبل سال 2021 میں تھرڈ پارٹی کی غیر ضروری مداخلت کی وجہ سے فیفا نے پی ایف ایف کو معطل کیا تھا۔ ان دنوں اشفاق حسین شاہ کی سربراہی میں عہدیداروں کے ایک گروپ نے پی ایف ایف کا کنٹرول حاصل کیا تھا جنہیں 2018 میں سپریم کورٹ نے پی ایف ایف کو چلانے کے لیے منتخب تو کیا لیکن فیفا کی جانب سے اس گروپ کو تسلیم نہیں کیا گیا۔
انہوں نے ہارون ملک کی سربراہی میں فیفا کی نارملائزیشن کمیٹی سے کنٹرول حاصل کیا تھا، اور کمیٹی نے چارج سنبھالنے کے بعد 18 ماہ میں باڈی کے لیے انتخابات نہیں کروائے تھے۔
فیفا نے اس ’قبضے‘ کی وجہ سے پی ایف ایف کو معطل کیا لیکن سال 2022 اس بات کی تصدیق کے بعد پابندی ہٹا دی کہ کمیٹی نے پی ایف ایف کے احاطے کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور وہ اس کے مالی معاملات کو سنبھالنے کے قابل ہے۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کو 2017 میں بھی تھرڈ پارٹی کی مداخلت پر فیفا کی جانب سے پابندی کا سامنا رہ چکا ہے۔
![](/sites/default/files/pictures/February/48471/2025/whatsapp-banner.jpg)