پاکستان فٹبال فیڈریشن کو فیفا کی پابندی کا سامنا
اسلام آباد: فٹبال کی عالمی تنظیم کی جانب سے پاکستان کو ایک بار پھر پابندی کا سامنا ہے کیونکہ فیڈریشن میں ہوئے حالیہ انتخابات فیفا کی اجازت کے بغیر ہوئے ۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سابق جبکہ فیفاکے مطابق موجودہ صدر فیصل صالح حیات نے فیڈریشن کے حالیہ انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا ۔2روز قبل ہوئے انتخابات میں سید اشفاق حسین شاہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر منتخب ہوئے ہیںجبکہ رکن قومی اسمبلی ملک محمد عامر ڈوگر، سردار نوید حیدر خان اور سید ظاہرعلی شاہ نائب صدوربن گئے۔ انتخابات سپریم کورٹ بلڈنگ میں منعقد ہوئے تھے جس میں سید اشفاق حسین شاہ 17 ووٹ لے کرصدر منتخب ہوئے۔انوار الحق قریشی کو 3 ووٹ ملے، نائب صدور کی 3 نشستوں پر ملک محمد عامر ڈوگر 20 ووٹ جبکہ سردار نوید حیدر خان اور ظاہر علی شاہ 18 ، 18 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، محمد جان مری نے 4 ووٹ حاصل کئے۔ پولنگ سے پہلے بھی فیفا کی جانب سے انتخابات پر اظہار تشویش اور فیصل صالح حیات اور ان کے باقی عہدیداروں کو اس سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ فیفا نے فیصل صالح حیات کو مارچ 2020ءتک مینڈیٹ اور الیکشن کیلئے پروگرام دے رکھا ہے۔موجودہ انتخاب اور عہدیداروں کی تعیناتی فیڈریشن کے معاملات میں مداخلت تصور ہوگی اور 2015ءمیں اسی وجہ سے پاکستان فٹبال فیڈریشن کو پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ نئے عہدیدار جب الحاق کیلئے تفصیلی رپورٹ فیفا اور اے ایف سی کو بھیجیں گے تو وہ انہیں پاکستانی فٹبال کے مستقبل سے آگاہ کریں گے اور اس بات کا واضح امکان ہے کہ پاکستان پرعالمی فٹبال کے دروازے ایک بار پھر بند ہو جائیں۔ فیصل صالح حیات ایک ہفتے قبل سپریم کورٹ سے پاکستان فٹبال کو معطلی سے بچانے کی اپیل کرچکے ہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں