Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیمار نے سعودی فٹبال کلب الہلال سے راہیں جدا کر لیں

نیمار نے 2023 میں فرانسیسی فٹبال کلب پی ایس جی کو چھوڑ کر الہلال میں شمولیت اختیار کی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
برازیل کے سپرسٹار فٹبالر نیمار نے سعودی عرب کے فٹبال کلب الہلال سے راہیں جدا کر لی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق الہلال نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انجری مسائل کی وجہ سے نیمار نے الہلال سے راہیں جدا کر لی ہیں، اور وہ اب برازیل کے کلب سانتوس میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔
نیمار نے لڑکپن میں سانتوس فٹبال کلب کی نمائندگی کی تھی۔
الہلال نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ ’نیمار کی الہلال کے ساتھ خدمات پر کلب ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہے، اور خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہے۔ کلب ان کی کیریئر میں کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہے۔‘
نیمار نے 2023 میں فرانسیسی فٹبال کلب پی ایس جی کو چھوڑ کر الہلال میں شمولیت اختیار کی تھی، جہاں انہوں نے انجری کے باعث صرف سات میچ کھیلے۔
الہلال میں شامل ہونے کے بعد انہوں نے نومبر 2023 میں برازیل سے سرجری کروائی۔
نیمار گزشتہ سال ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے، جس کے باعث وہ پانچ ہفتوں تک ایکشن سے باہر رہے۔
حالیہ خبروں کے مطابق نیمار سانتوس میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں جہاں سے اُن کے کیریئر کا آغاز ہوا تھا۔
اطالوی صحافی فیبریزیو رومانو نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’زبانی معاہدے کے بعد نیمار سانتوس میں جا رہے ہیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ دیگر حتمی معاہدے اگلے ہفتے ہوں گے۔

 

شیئر: