سعودی ہلال احمر نے مسجد الحرام میں پاکستانی عمرہ زائر کی جان بچا لی
صحنِ مطاف میں عمرہ زائر کو دل کا دورہ پڑا اور وہ بے ہوش تھا (فوٹو: ایس پی اے)
مکہ مکرمہ مسجد الحرام میں متعین ہلال الاحمر کی ٹیم نے طواف کے دوران دل کے دورے سے بے ہوش ہونے والے پاکستانی عمرہ زائر کو بروقت طبی امداد فراہم کرکے جان بچالی۔
سبق نیوز کے مطابق مکہ مکرمہ میں ہلال الاحمر کے طبی یونٹ کو اطلاع ملی کہ صحنِ مطاف میں ایک عمرہ زائر بے ہوش ہو گیا ہے۔
اطلاع ملتے ہی ہنگامی طبی یونٹ کی ٹیم وہاں پہنچ گئی جنہوں نے مریض کا معائنہ کیا اور اسے بروقت طبی امداد فراہم کی جس پر اس کے دل کی دھڑکن نارمل ہو گئی۔
ہلال الاحمر کی ٹیم نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مریض کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کردیا جہاں اس کی حالت قدرے بہتر بتائی جارہی ہے۔
یاد رہے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں ہنگامی طبی امداد کی فوری فراہمی یقینی بنانے کے لیے ’کارڈیک الیکڑک شاک ڈیوائس ‘نصب ہیں۔
مسجد الحرام میں مستقل بنیادوں پر چار میڈیکل سینٹر 24 گھنٹے کھلے رہتے ہیں۔ امدادی عملہ ڈیوٹی پر ہوتا ہے۔