جدہ سپر ڈوم میں حج کانفرنس و نمائش میں مختلف خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے ساتھ ہلال الاحمر کا سٹال بھی لگایا ہے جہاں امدادی کاموں کے لیے مخصوص جدید گاڑیوں کو رکھا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق حج کانفرنس و نمائش میں ہلال الاحمر کے سٹال پر موجود امدادی گاڑیوں میں فوروہیلر ایمبولینس وزیٹرز کی خاص توجہ کامرکز بنی رہی۔
مزید پڑھیں
جدید ایمبولینس نامساعد حالات اور غیرمعمولی مقامات پر باسانی سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ایمبولینس میں ہنگامی حالات میں استعمال ہونے والے آلات اور ادویات موجود ہوتی ہیں۔ ایمبولینس ایسے راستوں سے باسانی گزرسکتی ہے جن سے عام گاڑیاں نہیں گزرسکتیں۔
ہلال الاحمر کے پولین میں ’سپائیڈر‘ نامی موٹر سائیکل بھی غیرمعمولی طورپر توجہ کا مرکز بنی رہی۔
یہ موٹرسائیکل ازدحام والے مقامات پر فوری طبی امداد فراہم کرنے کےلیے انتہائی اہم ہے جس میں ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے آکسیجن سیلنڈر و دیگر طبی آلات موجود ہوتے ہیں۔
مشرق وسطی کی سطح پر اپنی نوعیت کی پہلی ہیوی ڈیوٹی ایمبولینس ’طمیہ‘ بھی نمائش کے لیے رکھی گئی ہے جو پانی اور خشکی پر بغیر کسی رکاوٹ کے سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ایمبولینس میں بیک وقت دو مریضوں اور 6 افراد کی گنجائش ہے۔ طمیہ ایمبولینس 19 گھنٹے تک مسلسل کام کرسکتی ہے جبکہ 65 گھنٹے سے زیادہ مدت کےلیے اسٹینڈ بائی پوزیشن میں رکھا جاسکتا ہے۔