Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خیبر پختونخوا: سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 15 عسکریت پسند ہلاک، افسر سمیت چار فوجی جان سے گئے

شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں ہونے والے ایک اور آپریشن میں چھ شدت پسند ہلاک ہوئے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں عسکریت پسندوں کے ساتھ دو مقامات پر ہونے والی جھڑپوں میں 15 شدت پسند مارے گئے جبکہ فوج کے ایک افسر سمیت چار اہلکار بھی جان سے گئے۔
سنیچر کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا جس میں جھڑپ کے دوران نو عسکریت پسند مارے گئے جو علاقے میں دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث تھے اور سکیورٹی فورسز کو انتہائی مطلوب تھے۔
شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں ہونے والے ایک اور آپریشن میں چھ عسکریت پسند ہلاک ہوئے۔
مزید کہا گیا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی افسر لیفٹیننٹ محمد حسن اشرف اور ان کے ساتھ تین اہلکار بھی جان سے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق عسکریت پسندوں کے خاتمے کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے اور سکیورٹی فورسز دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔

 

شیئر: