رمضان سے قبل وزارت تجارت کے تفتیشی دوروں میں تیزی
’یکم رجب سے 17 شعبان تک کم و بیش 8 ہزار تفتیشی دورے کئے گئے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
وزارت تجارت نے رمضان المبارک کی آمد سے قبل اپنے تفتیشی دورے تیز کردیئے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مدینہ منورہ کے بازاروں میں یکم رجب سے 17 شعبان تک کم و بیش 8 ہزار تفتیشی دورے کئے گئے ہیں۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’تفتیشی دوروں کا مقصد تجارتی مراکز میں ضوابط کی پابندی کی نگرانی کرنا، اشیا کی فراہمی کو یقینی بنانا ، قیمتوں کا جائزہ لینا اور صحت اصولوں کا خیال رکھنا ہے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’زیادہ تر تفتیشی دورے ان علاقوں میں کئے گئے ہیں جہاں زائرین کی بھیر رہتی ہے جن میں مسجد نبوی کا مرکزی علاقہ، مسجد قبا، مسجد قبلتین، احد اور دیگر تاریخی مقامات کے قریب واقع دکانیں شامل ہیں‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’تفتیشی دوروں کے دوران متعدد خلاف ورزیاں پکڑی گئی ہیں جن میں سے بعض پر جرمانے عائد کئے گئے، بعض پر مالکان کو مزید وضاحت کے لیے طلب کیا گیا جبکہ بعض پر توجہ دلائی گئی ہے‘۔