اہم نکات
-
مصطفیٰ عامر قتل کیس کے ملزم چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
-
ملک کے متعدد حصوں میں رواں ہفتے بارش و برفباری کا امکان
-
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی فلسطینی ریاست کے قیام پر سعودی عرب کے بیان کی حمایت
-
وزارت داخلہ نے پانچ سال میں 80 ہزار 847 شناخی کارڈ بلاک کیے
-
انسانی سمگلنگ میں ملوث ایف آئی اے کے 51 اہلکار برطرف
لوئر کرم کے چار گاؤں خالی کروا کے سرچ آپریشنز کا فیصلہ
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کی حکومت نے ضلع کرم میں امدادی قافلے پر فائرنگ کے واقعے کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
منگل کو صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ’لوئر کرم کے چار گاؤں اوچت، مندوری، داد کمر اور بگن کو خالی کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘
حکومت نے کہا ہے کہ ’ان علاقوں کو خالی کرنے کا فیصلہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہے۔‘
’ان دیہاتوں کو خالی کروا کے سرچ آپریشنز کیے جائیں گے، ریاست کے خلاف واقعات میں ملوث افراد کو شیڈول فور میں ڈالا جائے گا جبکہ بے امنی میں ملوث افراد اور ماسٹر مائنڈز کے سروں کی قیمت مقرر کی جائے گی۔‘
اڈیالہ جیل سے صرف خط پر خط آ رہے ہیں اور منتیں ہو رہی ہیں، مریم نواز
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہر جگہ سے اچھی خبریں آ رہی ہیں سوائے اڈیالہ جیل کے، وہاں سے صرف خط آ رہے ہیں۔
صوبہ پنجاب کے شہر نارووال میں جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حوالے سے کہا کہ اڈیالہ جیل سے صرف خط پر خط آ رہے ہیں اور منتیں ہو رہی ہیں کہ اللہ کے واسطے ہمیں بچا لو۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ انہوں نے پی ٹی آئی کی طرح سارا الزام پچھلی حکومتوں پر نہیں ڈالا بلکہ وہ اپنی کارکردگی لے کر عوام کے سامنے کھڑی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت اس قدر حالات خراب کر گئی تھی کہ انہیں انتظار تھا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت آئے گی اور ناکام ہو کر جائے گی، لیکن آج ملک ڈیفالٹ کے دہانے سے نکل کر ترقی کہ طرف بڑھ رہا ہے۔
جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 30 عسکریت پسند ہلاک
پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کے دوران 30 عسکریت پسندوں کا ہلاک کیا ہے۔
فوج کے شعبہ ابلاغ عامہ (آئی ایس پی آر) کے منگل کو جاری کردہ بیان کے مطابق یہ کارروئیاں پیر کو کی گئیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ ’مزید عسکریت پسندوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سکیورٹی فورسز کا سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔‘
مصطفیٰ عامر قتل کیس کے ملزم ارمغان چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
کراچی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے مصطفیٰ عامر قتل کیس کے ملزم ارمغان کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
منگل کو ملزم ارمغان کو انسداد دہشتگردی عدالت نمبر دو میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر پراسیکیوٹر جنرل سندھ منتظر مہدی بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
تفتیشی افسر نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ملزم سے آلہ قتل برآمد کرنا ہے۔
سماعت کے دوران ملزم ارمغان کمرہ عدالت میں بے ہوش ہو گئے تاہم سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کا طبی معائنہ ہو چکا ہے اور وہ بالکل فٹ ہیں۔
سرکاری وکیل کے مطابق دو گھنٹے پہلے ہائی کورٹ میں پیش کیا گیا تھا، وہاں معائنہ بھی ہوا ہے اور طبیعت ٹھیک تھی۔
سماعت میں کچھ دیر کے وقفے کے بعد عدالت نے ریمانڈ کی درخواست پر حکم جاری کیا۔
کمشنر پولیس آفس کے نام سے شہریوں کو جعلی ای میلز بھیجے جانے کا انکشاف
نیشنل ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے سائبر سکیورٹی ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنائے جانے کا انکشاف کیا ہے۔
ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ کمشنر پولیس آفیس کے نام سے جعلی ای میلز بھیجی جا رہی ہیں جن میں شہریوں پر سائبر کرائمز میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا جاتا ہے۔
جعلی ای میلز میں شہریوں کو خوف میں مبتلا کر کے ذاتی اور مالی معلومات افشاں کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے اور 24 گھنٹوں میں جواب دینے کا کہا جاتا ہے۔
ای میلز میں شہریوں کو قانونی کارروائی، گرفتاری، میڈیا میں بدنامی اور بلیک لسٹ ہونے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔
ایڈوائزری میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان میں کمشنر پولیس ڈیپارٹمنٹ کے نام سے کوئی ادارہ موجود نہیں ہے۔
دہشت گردی کے خاتمے کے ساتھ ملک کی خوشحالی جڑی ہوئی ہے، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہمارا مشن ہے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی بھی اس کے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔
کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت ہی امن قائم ہوگا۔
وزیراعظم نے گیلپ کے سروے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پچھلے ایک سال کے مقابلے میں 55 فیصد کاروباری اداروں کی رائے میں ان کے کاروبار اس وقت بہت اچھے چل رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گیلپ نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ تقریباً 6 ماہ قبل کے سروے کے مقابلےمیں کاروباری اداروں کے تاثرات میں 10 فیصد بہتری آئی ہے۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے مزید کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان تجارت کو 5 ارب ڈالر تک لے کر جانا ہے اور وزارت کامرس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو اس حوالے سے کام کرنا ہوگا۔
پشاور میں سکولوں کے قریب غیر معیاری خوراک کی فروخت پر پابندی عائد
پشاور میں سکولوں کے قریب غیر معیاری خوراک کی فروخت پر 30 دنوں کے لیے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
انتظامیہ نے غیر معیاری خوراک کی فروخت پر دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے غیرمعیاری چپس اور دیگر خوراک کی فروخت پر پابندی کا حکم دیا ہے۔
انتظامیہ کی ہدایت کے مطابق سکولز کے گرد 150 میٹر کی حدود کے اندر غیر معیاری خوراک کی فروخت ممنوع ہو گی جبکہ غیر معیاری خوراک بیچنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 144 کے تحت قانونی کارروائی ہوگی۔
سینیٹ کے قائم مقام چیئرمین نے پی ٹی آئی کے سینیٹرز کو ’غیرسنجیدگی‘ پر معطل کر دیا
پاکستان کے ایوان بالا سینیٹ کے قائم مقام چیئرمین سیدال خان ناصر نے پاکستان تحریک انصاف کے تین سینیٹرز عون عباس، ہمایوں مہمند اور فلک ناز چترالی کو رواں اجلاس کے لیے معطل کر دیا ہے۔
منگل کو قائم مقام چیئرمین سیدال خان ناصر نے اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے اپوزیشن اراکین کے شور و غل کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اپوزیشن کے کچھ اراکین سنجیدہ مسائل پر بھی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور ایوان کے تقدس کو پامال کر رہے ہیں۔
اس دوران پی ٹی آئی کے اراکین نے ڈپٹی چیئرمین کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ ایوان میں ’ڈپٹی چیئرمین استعفیٰ دو‘ اور ’ووٹ کو عزت دو‘ کے نعرے گونجنے لگے۔
پی ٹی آئی اراکین قائم مقام چیئرمین سینیٹ کے سامنے اکھٹے ہو گئے اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ’چیئرمین کو بازیاب کرواؤ‘ کے نعرے لگائے۔
جنوبی وزیرستان میں امن کی بحالی کے لیے تاجر برادری کا مارچ
جنوبی وزیرستان کے شہر وانا میں تاجربراداری اور متحدہ سیاسی پاسون نے بدامنی، بھتہ خوری اور اغوا کاری کے خلاف امن مارچ کیا۔
منگل کو ہونے والے احتجاجی مارچ کے لیے وانا میں تمام تجارتی مراکز بند کیے گئے تھے۔ مارچ کے شرکا نے ’امن کی بحالی کے لیے اور بھتہ خوری کے خلاف نعرے بازی کی۔
مقررین نے حکومت سے امن کے قیام اور اغوا اور بھتہ خواری کی وارداتیں ختم کرنے کا مطالبہ کیا اور اغوا ہونے والے شہریوں کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔
متحدہ سیاسی پاسون کا کہنا تھا کہ اگر حکومت اور ریاستی اداروں نے اپنی ذمہ داری پوری نہ کی تو احتجاجی دھرنہ دینے پر مجبور ہو جائیں گے۔
احتجاجی مظاہرے میں مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنان، علما کرام، تاجر یونینز، وکلا، قبائلی عمائدین اور نوجوان شامل تھے۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی ہدایت کے مطابق کتوں کو مارا جائے، لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ
لاہور ہائیکورٹ نے آوارہ کتوں کو مارنے سے متعلق کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرام دہ موت دی جائے اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی ہدایت کے مطابق کتوں کو مارا جائے۔
جسٹس جواد حسن نے 6 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں کہا کہ حکومت سمیت دیگر فریقین جانوروں کے حقوق، عوام کے مفاد اور حفاظت کی پالیسی پر سختی سے عمل کریں۔
لاہور ہائیکورٹ نے شہری انیلا عمیر سمیت دیگر کی درخواست پر سماعت کی جس میں کتوں کے خلاف جاری آپریشن روکنے کی استدعا کی تھی۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ حکام نے عدالت کو بتایا کہ شہریوں کی شکایات پر کتوں کو مارنے کا آپریشن شروع کیا گیا۔
ویٹرنری آفیسر نے بھی عدالت کو بتایا کہ آوارہ کتوں سے صحت، مذہبی اور دیگر سنگین نوعیت کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
سندھ ہائی کورٹ کی مصطفیٰ عامر کی قبر کشائی کر کے پوسٹ مارٹم کرنے کی ہدایت
سندھ ہائیکورٹ نے مصطفیٰ عامر قتل کیس میں میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے 21 فروری کو رپورٹ پیش کرنے کا کہا ہے.
عدالت نے میڈیکل بورڈ کو مصطفیٰ کی قبر کشائی کر کے پوسٹ مارٹم کرنے کی ہدایت جاری کی ہیں۔
منگل کی صبح سندھ ہائی کورٹ نے نوجوان مصطفیٰ عامر قتل کیس میں ملزم ارمغان کے پولیس ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو جسمانی ریمانڈ کے لیے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
مصطفیٰ قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کو منہ پر کپڑا اور ہاتھوں میں ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کیا گیا۔
دوران سماعت رجسٹرار انسداد دہشتگردی عدالت نے کیس کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔ سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس ظفر راجپوت نے تمام دلائل اور شواہد کا جائزہ لینے کے بعد ریمارکس دیے کہ پولیس کسٹڈی کے ریمانڈ پر وائٹ آؤٹ کر کے اسے جیل کسٹڈی میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
کیس کی سماعت کے دوران سرکاری وکیل، کیس کے سابق تفتیشی افسر امیر اشفاق، موجودہ تفتیشی افسر محمد علی، اور دیگر متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔
ملک کے متعدد حصوں میں رواں ہفتے بارش و برفباری کا امکان
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے رواں ہفتے ملک کے متعدد حصوں میں بارش، برفباری اور گرچ چمک کے ساتھ طوفان کی پیش گوئی کی ہے۔
این ڈی ایم اے نے موسم کے حوالے سے جاری ایڈوائزری میں کہا ہے کہ صوبہ پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں بارشوں کا امکان ہے۔
بیان کے مطابق آئندہ روز 19 سے 21 فروری تک پوٹھوہار کے علاقوں مری اور گلیات سمیت اپر و شمال مشرقی پنجاب اور اسلام آباد میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ شمالی اور شمال مغربی بلوچستان میں 18 سے 20 فروری تک بارش، برفباری، تیز ہواؤں اور گرچ چمک کے ساتھ طوفانی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی ایسی ہی صورتحال کی پیشگوئی ہے۔ جبکہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں 19 سے 20 فروری تک مطلع ابر آلود رہے گا جبکہ بارش اور برفباری کا بھی امکان ہے۔
مخالفین کو حسد، گالم گلوچ اور بدتمیزی کے سوا کچھ نہیں آتا، نواز شریف
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ معیشت میں بہتری ہوتی نظر آ رہی ہے اور تعمیراتی کام پھر سے شروع ہو گئے ہیں۔
پارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پنجاب اسمبلی کے ارکان سے ملاقات میں نواز شریف نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں کمی نے کاروباری برادری کا اعتماد بڑھایا ہے۔
قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے کہا کہ سخت معاشی حالات کے بعد مہنگائی میں کمی ہوئی ہے اور عوام کومزید ریلیف ملنے کی امید ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وقت نے ثابت کیا کہ مخالفین کو بغض، حسد، گالم گلوچ، بدتمیزی، بدتہذیبی کے سوا کچھ نہیں آتا۔
نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن سیاسی میدان، دفاعی میدان اور ترقی کے میدان میں ملک اور قوم کی خدمت کاشاندار ریکارڈ رکھتی ہے۔
آئیسکو ریجن میں 2 ہزار سے زائد بجلی چور گرفتار
اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے کہا ہے کہ 4 ہزار 708 بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 40 کروڑ 27 لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کیے ہیں جبکہ 2 ہزار 421 بجلی چوروں کو پولیس نے گرفتار کیا ہے۔
ترجمان آئیسکو کے مطابق بل نادہندگان سے ریکوری ٹیموں نے 6 ارب 9 کروڑ سے زائد کے واجبات وصول کیے ہیں اور بل ادا نہ کرنے پر متعدد میٹرز اور ٹرانسفارمرز منقطع کر دیے گئے ہیں۔
فلسطینی ریاست کے حوالے سے سعودی عرب کے بیان کی توثیق کرنی چاہیے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ فلسطینی ریاست کے قیام کے حوالے سے ہمیں سعودی عرب کی طرف سے جاری کردہ بیان کی توثیق کرنی چاہیے۔
منگل کو نیویارک میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے او آئی سی گروپ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان او آئی سی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں سیز فائر پر عملدرآمد کے لیے سفارتی راستے اپنانا ہوں گے اور بحالی کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے اقدامات ضروری ہیں۔
خطے میں پاکستان کی تجارتی شراکت کو بڑھانا چاہتے ہیں، وزیر خزانہ
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئندہ 3 سے 5 سال میں برآمدات کو 30 ارب سے بڑھا کر 60 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں۔
سعودی عرب میں العلا کانفرنس کے موقع پر الشرق اور بلومبرگ کو انٹرویو میں وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ 12 سے 14 ماہ میں معیشت کی بہتری کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی اور شرح سود میں کمی کے لیے اہم فیصلے کیے ہیں اور نجکاری کے عمل کو مزید تیز کریں گے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ سرکاری اداروں میں اصلاحات کا عمل جاری رکھیں گے، ان اداروں کے نقصانات کم کرنے کے لیے رائٹ سائزنگ کر رہے ہیں جس سے حکومتی اخراجات میں واضح کمی آئے گی۔
انٹرویو میں وزیر خزانہ نے کہا کہ خطے میں پاکستان کی تجارتی شراکت بڑھانا چاہتے ہیں، تجارت کے فروغ میں پاکستان اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
پانچ سال میں ملک بھر سے 80 ہزار 847 شناخی کارڈ بلاک کیے، وزارت داخلہ
وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ گزشتہ پانچ سال میں ملک بھر سے 80 ہزار 847 شناخی کارڈ بلاک کیے گئے ہیں۔
سینیٹ کے اجلاس میں وزارت داخلہ نے اپنے تحریری جواب میں بتایا کہ صوبہ خیبرپختونخوا کے 28 ہزار 645 شناختی کارڈ بلاک کیے گئے، پنجاب کے 13 ہزار 899، سندھ کے 14 ہزار 76، بلوچستان کے 21 ہزار 838، اسلام آباد کے 1 ہزار 259، گلگت بلستان کے 462 اور آزاد کشمیر کے 667 شناخی کارڈز بلاک کیے گئے ہیں۔
کھلی منافقت، سندھ اور پنجاب کے وزرا میں لڑائی جبکہ وفاق میں بھائی بھائی ہیں: بیرسٹر سیف
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ اور پنجاب کے وزرا میں لڑائی ہے جبکہ وفاق میں بھائی بھائی ہیں، یہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی کھلی منافقت کا ثبوت ہے۔
بیرسٹر سیف نے جاری بیان میں کہا کہ حکومت کے تمام اتحادی لوٹ کے مال کی تقسیم پر لڑ رہے ہیں اور رمضان کے آغاز سے پہلے ہی حکمرانوں نے اپنی فیکٹریوں کی چینی مہنگی کر دی ہے۔
ایک سال میں پاکستان کے قرضوں اور واجبات میں 6 ہزار 106 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے جو ن لیگ اور پی پی پی حکومت کا لایا ہوا عذاب ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ اور پی پی پی کی نمائشی لڑائی میں عوام مہنگائی اور ملک قرض کی دلدل میں دھنس چکا ہے۔
انسانی سمگلنگ میں ملوث ایف آئی اے کے 51 اہلکاروں کو برطرف کیا گیا، وزارت داخلہ
وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
سینیٹ کے اجلاس میں وزارت داخلہ نے اپنے تحریری جواب میں بتایا کہ جون 2023 کشتی حادثے کے بعد سے 7 مقدمات درج کیے ہیں اور ایف آئی اے کے 27 اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا ہے، 110 محکمانہ کاروائیاں شروع کی گئیں، 48 اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف کیا گیا، 2 اہلکاروں کو جبری ریٹائر کیا گیا جبکہ 13 اہلکاروں کو معمولی سزائیں دی گئیں۔
تحریری جواب کے مطابق گزشتہ تین سالوں میں انسانی سمگلنگ میں ملوث ایف آئی اے کے 51 اہلکاروں کو برطرف کیا گیا۔ تفصیل کے مطابق سال 2022 میں 6، 2023 میں 4 اور 2024 میں ایف آئی اے کے 41 اہلکاروں کو برطرف کیا گیا ہے۔
پاکستان کاروبار کے لیے اوپن ہے، سرمایہ کاروں کو تمام سہولتیں فراہم کریں گے: ڈاکٹر مصدق ملک
وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کاروبار کے لیے اوپن ہے، سرمایہ کاروں کے لیے تمام سہولتیں فراہم کریں گے۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے سالانہ ٹیکنیکل کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ دس سال بعد چالیس نئے آفشور منرل بلاکس کااعلان کیا ہے، شیل اور ٹائٹ گیس کے ذخائر موجود ہیں لیکن ایک بہت بڑا حصہ ابھی تک دریافت نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پرائس کیپ کے ساتھ آئل سیکٹر اوپن کرنے کی پالیسی لا رہے ہیں، آئل سیکٹر کو جدید ٹیکنالوجی پر شفٹ کرنا ہو گا۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم کا مزید کہنا تھا کہ لڑائی جھگڑے کی جگہ ترقی پر توجہ ہونی چاہیے اور سب تک توانائی کی فراہمی ہمارے سٹریٹجی کا اہم جز ہے۔
لوئر کرم میں سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں پر فائرنگ سے 4 اہلکار جان سے گئے
لوئر کرم میں سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں پر فائرنگ سے 4 سکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ 5 زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بگن کے علاقہ اوچت میں گزشتہ رات ریسکیو آپریشن کرنی والے سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں پر فائرنگ ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے سکیورٹی فورسز کی تین گاڑیوں کو نذرِ آتش کیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز کے اہلکار کانوائے کی گاڑیوں اور ڈرائیوروں کو حملہ آوروں سے ریسکیو کرنے کی کارروائی کر رہے تھے۔
حملے کے بعد ضلع کرم کے لیے آمد و رفت کا سلسلہ بند ہے۔