ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ریاض میں روسی وزیر خارجہ کی ملاقات
سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کو ریاض کے قصر یمامہ میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کا خیرمقدم کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے پہلووں اور مختلف شعبوں میں انہیں بڑھانے اور ترقی دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال، سلامتی اور استحکام کے حصول کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر نیشنل گارڈ کے وزیر شہزادہ عبداللہ بن بندر بن عبدالعزیز، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر مملکت اور کابینہ کے رکن ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔
روسی صدر کے مشیر یوری اوشاکوف، مملکت میں روسی سفییر سرگئی کوزلوف اور روسی وزارت خارجہ کے عہدیدار بھی شریک تھے۔
قبل ازیں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں یوکرین جنگ پر امریکی اور روسی حکام کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور اختتام پذیر ہو گیا۔
العربیہ کے مطابق بند کمرے میں ہونے والے اس اجلاس کا پہلا دور کئی گھنٹے تک جاری رہا۔
ریاض میں امریکہ اور روس کے مذاکرات میں شریک صدر کے مشیر یوری اوشاکوف نے کہا کہ ’ساڑھے چار گھنٹے تک جاری رہنے والا اجلاس بہت مفید رہا جس میں انتہائی سنجیدہ اور اہم امور پر بات چیت ہوئی ہے۔‘