Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

29 سال بعد پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی، ’لیکن29 گھنٹے بعد ہی ٹورنامنٹ سے باہر‘

فخر زمان چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں فیلڈنگ کے دوران زخمی ہو گئے تھے (فوٹو: اے اف پی)
’امام الحق کا فخر زمان کی جگہ لینا برے دنوں کا خاتمہ ہے، اب بدترین دن شروع ہونے جا رہے ہیں۔‘ یہ تبصرہ ایکس پر ایک صارف محمد واصف ریحان نے فخر زمان کے چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے کی خبر پر کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان بدھ کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے انجری کا شکار ہوگئے تھے۔ جمعرات کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے فخر زمان کی انجری کے سبب ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کی تصدیق کی۔
امام الحق کو ان کی جگہ پاکستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
جمعرات کو سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے فخر زمان کا کہنا تھا کہ ’اس سٹیج پر پاکستان کی نمائندگی کرنا ہر کرکٹر کا اعزاز اور خواب ہوتا ہے۔ مجھے خوش قسمتی سے پاکستان کی نمائندگی کرنے کا متعدد بار موقع ملا ہے اور ہمیشہ فخر محسوس ہوا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’بدقسمتی سے میں اب 2025 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہوں لیکن یقیناً اللہ بہترین منصوبہ ساز ہے۔‘
کرکٹ فینز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’اس موقع پر سب کا شکر گزار ہوں، میں اپنے گرین شرٹس کی گھر سے حمایت کروں گا۔‘
آئی سی سی کے مطابق فخر زمان کی جگہ امام الحق اب پاکستان ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

 
جہاں فخر زمان کے ٹیم سے آؤٹ ہونے پر کرکٹ فینز افسوس کا اظہار کر رہے ہیں وہیں امام الحق کی پاکستان ٹیم میں شمولیت پر دلچسپ تبصرے بھی کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر عمیر خان نامی صارف نے لکھا ’29 سال بعد چیمپئنز ٹرافی پاکستان آئی لیکن پاکستان29 گھنٹے بعد ہی ٹورنامنٹ سے آؤٹ ہو گیا۔‘

ایڈوکیٹ میاں عمر نامی صارف نے لکھا ’وہ جو قسمت پر یقین نہیں رکھتے وہ امام الحق کو ہی دیکھ لیں، پہلے صائم ایوب زخمی ہو کر چیمپئن ٹرافی سے باہر ہو گئے اور فخر زمان باہر ہو گئے ہیں۔ قسمت نے امام الحق کی واپسی کے راستے کھول دیے ہیں۔‘

عمار نامی صارف نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ’نیک شگون کے لیے ایک فاسٹ بولر کو بھی ساتھ لے جاتے۔‘

محمد ولید خان نامی صارف نے لکھا ’امام الحق کی پرچی نکل آئی، گُڈ لک امام بھائی، ہم آپ کو فخر کی جگہ نہیں فخر کے ساتھ کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔‘

محمد واصف ریحان نامی صارف نے لکھا ’امام الحق کا فخر زمان کی جگہ لینا برے دنوں کا خاتمہ ہے، اب بدترین دن شروع ہونے جا رہے ہیں۔‘

 

شیئر: