سعودی عرب نے ایک سو سے زیادہ ممالک میں لاکھوں افراد کی مدد کی ہے: شاہ سلمان
’مرکز نے اب تک 3 ہزار سے زیادہ انسانی منصوبوں پر 7 بلین ڈالر سے زیادہ خرچ کئے ہیں‘ ( فوٹو: واس)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی سرپرستی میں اور ان کی نیابت کرتے ہوئے ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز نے آج پیر کو ریاض انٹرنیشنل انسانی امداد فورم کے چوتھے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کا انعقاد ہوا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر بن عبد العزیز نے شاہ سلمان کا خطاب پڑھ کر سنایا ہے۔
ریاض کے کنگ فیصل کانفرنس ہال میں ’مستقبل کی انسانی امدادی حکمت عملیوں کا جائزہ‘ کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے کہا ہے کہ ’یہ فورم ایک ایسے وقت میں منعقد ہو رہا ہے جب دنیا بھر میں آفات اور بحرانوں میں اضافہ ہو رہا ہے، جس نے انسانی ضروریات اور چیلنجز کو مزید سنگین بنا دیا ہے‘۔
’اس کا مقصد سب سے زیادہ متاثرہ اور ضرورت مند طبقات پر روشنی ڈالنا، انسانی امدادی کاموں میں حائل رکاوٹوں پر تبادلہ خیال کرنا اور ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کے مشترکہ تعاون کو فروغ دینا ہے‘۔
شاہ سلمان نے کہا ہے کہ ’آج ہم سعودی عرب کی انسانی امداد کی بابرکت تاریخ کا جشن منا رہے ہیں جو ہمارے دین اور اس کے عظیم اقدار سے ماخوذ ہے اور جس کی بنیادبانیِ مملکت شاہ عبدالعزیز بن عبدالرحمن آل سعود نے قائم کی ہے‘۔
شاہ سلمان نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب کی طرف سے برادر اور دوست ممالک کو آفات اور بحرانوں سے نمٹنے کے لیے فراہم کی جانے والی رقوم ایک سو بلین ڈالر سے تجاوز کرچکی ہیں‘۔
’اس تاریخی سفر کو ایک دہائی قبل ’کنگ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد‘ کے قیام کے ذریعے ایک نئی بلندی تک پہنچایا گیا ہے‘۔
شاہ سلمان نے کہا ہے کہ ’مرکز نے اب تک ایک سو سے زیادہ ممالک میں لاکھوں افراد کی مدد کی ہے‘
’مرکز نے اب تک 3 ہزار سے زیادہ انسانی منصوبوں پر 7 بلین ڈالر سے زیادہ خرچ کئے ہیں‘۔