رمضان میں عمرہ ادا کرنے سے پہلے گردن توڑ بخار ویکسین لگوانے کی تاکید
’عمرہ کے لیے روانگی سے کم از کم دس دن پہلے گردن توڑ بخار ویکسین لگوانا ضروری ہے‘ ( فوٹو: سبق)
وزارت صحت نے رمضان المبارک کے دوران عمرہ ادا کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے گردن توڑ بخار ویکسین لگوانے کی سخت تاکید کی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’یہ اقدام صحت عامہ کے تحفظ کو یقینی بنانے اور متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کی کوششوں کے تحت کیا جا رہا ہے‘۔
وزارت صحت نے زور دیا کہ عمرہ کے لیے روانگی سے کم از کم دس دن پہلے گردن توڑ بخار ویکسین لگوانا ضروری ہے تاکہ مطلوبہ مدافعت حاصل کی جا سکے۔
ساتھ ہی یہ وضاحت کی گئی کہ وہ افراد جو گزشتہ پانچ سالوں کے دوران یہ ویکسین لے چکے ہیں انہیں دوبارہ ویکسین لگوانے کی ضرورت نہیں کیونکہ اس کی تاثیرکی مدت برقرار ہے۔
وزارت نے مزید وضاحت کی کہ گردن توڑ بخار سانس کے ذریعے خارج ہونے والے ذرات، جیسے کھانسی یا چھینک کے ذریعے پھیلتی ہے جس کے پیش نظر ضروری احتیاطی تدابیر اپنانا لازمی ہے۔
وزارت صحت نے عمرہ زائرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ صحتی ایپ کے ذریعہ کسی بھی قریبی مرکز میں یہ ویکسین لگواسکتے ہیں۔