عطااللہ تارڑ کا ایس آر ایم جی ہیڈکوارٹر کا دورہ، سی ای او جمانا الراشد سے ملاقات
ملاقات میں پاکستان کے سفیر، ایس آر ایم جی کے چیف سٹریٹجی اینڈ کمرشل آفیسر اور چیف آپریشنز آفیسر موجود تھے۔ (فوٹو: ایس آر ایم جی)
پاکستان کے وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے ریاض میں سعودی ریسرچ اینڈ میڈیا گروپ (ایس آر ایم جی) کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔
وفاقی وزیر عطااللہ تارڑ نے ایس آر ایم جی کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر جمانا الراشد اور دیگر حکام سے ملاقات بھی کی۔
ملاقات میں دونوں ملکوں کی شراکت داری میں ایسے مواد کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی گئی، جو دونوں ممالک کے پڑھنے اور دیکھنے والوں کو بہترین معلومات فراہم کرے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر عطااللہ تارڑ اور ایس آر ایم جی کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر جمانا الراشد نے پاکستان میں اس کے پلیٹ فارمز انڈیپنڈنٹ اردو، اردو نیوز اور عرب نیوز کے مثبت اثرات کے حوالے سے گفتگو بھی کی، جو مربوط انداز میں اعلیٰ معیار کا انفارمیشن مواد فراہم کر رہے ہیں۔
ایس آر ایم جی کے پلیٹ فارمز دنیا بھر میں اردو بولنے والوں کے لیے مصدقہ خبروں، تجزیوں اور ثقافتی مواد کے حوالے سے قابل اعتماد ذرائع بن چکے ہیں۔
درست اور معتبر خبرنگاری فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ یہ ادارے اہم سماجی مسائل کے حوالے سے آگاہی اجاگر کرنے اور لوگوں کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑنے کا ذریعہ بھی بن رہے ہیں اور پاکستان اور بیرون ملک رہنے والے قارئین اور ناظرین کے باہمی تعلق کو فروغ بھی دے رہے ہیں۔

سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق، ایس آر ایم جی کے چیف سٹریٹجی اینڈ کمرشل آفیسر باسل المعلمی اور چیف آپریشنز آفیسر صالح الدویس بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔
عطااللہ تارڑ نے سعودی میڈیا فورم میں پاکستان میں ایس آر ایم جی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ وہ متنوع ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے معیاری صحافت کو جدت کے ساتھ آگے بڑھا رہا ہے۔