Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہم 2023 کے ورلڈ کپ والے اعتماد کے ساتھ کھیلیں گے، حشمت اللہ شاہدی

حشمت اللہ شاہدی نے کہا کہ ’پوری دنیا کو علم ہے کہ ہمارے پاس کوالٹی سپنر ہیں۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے انگلینڈ کے خلاف میچ کے حوالے سے کہا ہے کہ وہ 2023 میں کھیلے گئے ون ڈے ورلڈ کپ والے اعتماد کے ساتھ کھیلیں گے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو اپنے بیان میں حشمت اللہ شاہدی نے انگلینڈ کی ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ 2023 کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف جیت کی یادیں انہیں چیمپئنز ٹرافی میں بھی سرپرائز دے سکتی ہیں۔
دونوں ٹیمیں بدھ کو لاہور میں مدمقابل ہوں گی اور سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے کے لیے دونوں ٹیموں کے لیے جیت نہایت اہم ہے۔
حشمت اللہ شاہدی کہتے ہیں کہ ’ہم نے اس لیول پر آنے کے لیے بہت محنت کی ہے اور ہم مثبت انداز میں ہر میچ کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم 2023 کے ورلڈ کپ کے اعتماد کے ساتھ کھیلیں گے لیکن کل ایک نیا دن ہو گا اور ہم انگلینڈ کو ہرانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔‘
افغان کپتان کا مزید کہنا تھا کہ ’جب ہم پہلے بیٹںگ کرتے ہیں تو ہمارے جیتنے کے امکانات ہوتے ہیں لیکن پچھلے ورلڈ کپ میں ہم نے بعد میں بیٹنگ کرتے ہوئے بھی میچ جیتے۔‘
حشمت اللہ شاہدی نے مزید کہا کہ ’پوری دنیا کو علم ہے کہ ہمارے پاس کوالٹی سپنر ہیں۔ امید ہے کہ کل کے میچ میں ہمیں سپنروں سے مدد ملے گی۔‘
خیال رہے کہ خواتین کے حوالے سے افغانستان کی طالبان حکومت کی پالیسیوں کے خلاف برطانوی سیاستدانوں نے انگلش کرکٹ بورڈ پر دباؤ ڈالا تھا کہ اس میچ کا بائیکاٹ کیا جائے۔
تاہم انگلش کرکٹ بورڈ نے یہ مطالبہ تو نہ مانا لیکن اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ افغانستان کے خلاف کوئی باہمی سیریز نہیں شیڈول کی جائے گی۔
اس حوالے سے حشمت اللہ شاہدی نے کہا کہ ’گراؤنڈ میں ہمارے ہاتھ میں جو ہوتا ہے ہم وہ کرتے ہیں، گراؤںڈ سے باہر ہونے والی چیزوں سے ہمیں فرق نہیں پڑتا۔‘
یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں اپنے پہلے میچ میں افغانستان کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 107 رنز سے شکست ہو گئی تھی۔

 

شیئر: