’پاکستان کا افغانستان سے میچ ہوتا تو سافٹ ویئر اپڈیٹ ہو جاتا‘
جمعرات 27 فروری 2025 10:08
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
افغان ٹیم کے مینٹور یونس خان میچ کے دوران خاصہ خوش دکھائی دیے۔ (فوٹو: ٹیپ میڈ)
چیمپئنز ٹرافی کے آٹھویں میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان نے انگلینڈ کو ہرا کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا ہے۔
بدھ کے روز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں اپنی پہلی جیت کی تلاش میں میدان میں اتریں اور شائقین کو ٹورنامنٹ کے بہترین میچز میں سے ایک دیکھنے کا موقع ملا۔
افغانستان کے انگلینڈ جیسی مضبوط ٹیم کو ہرانے کے پیچھے جہاں بہترین ٹیم ورک کا عمل دخل تھا وہیں ابراہیم زدران کے 177 رنز اور عظمت اللہ عمر زئی کی پانچ وکٹوں کا بھی میچ میں اہم کردار رہا۔
افغان ٹیم کی تاریخی فتح پر جہاں کھلاڑیوں کو خوب سراہا گیا وہیں ٹیم کے مینٹور یونس خان بھی سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ہمانشو پاریک نامی صارف نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’یونس خان بیٹنگ مینٹور ہیں اور ابراہیم زدران نے چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بڑا انفرادی سکور بنا دیا، اسے کہتے ہیں لیجنڈ سے سیکھنا۔‘

ایک صارف نے لکھا کہ ’پاکستان کے بڑے بیٹر یونس خان افغان ٹیم کو کوچ کر رہے ہیں، پاکستان کا کوچ کون ہے؟‘

فرید خان نے لکھا ’افغانستان کی بیٹنگ میں کامیابی کے پیچھے یونس خان ہیں، لیجنڈ عزت کے حقدار ہیں۔‘

عمیر خان نے لکھا ’یونس خان نے ہمارے لیے ٹی20 ورلڈ کپ جیتا۔ آج وہ افغانستان میں دل جیت رہے ہیں۔ افغان ٹیم نے کیا ہی مقابلہ کیا اور وہ انگلیڈ کے خلاف جیت کے حقدار ہیں۔‘

معضم نے لکھا ’یونس خان افغانستان ٹیم کے پیچھے موجود ماسٹر مائنڈ ہیں۔‘

کچھ صارفین افغانستان کی جیت کے موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کا ذکر کرنا بھی نہ بھولے۔ شیرازی ٹوئٹس نے لکھا ’شکر ہے ہمارا افغانستان ٹیم سے میچ نہیں تھا ورنہ ہمارا سافٹ ویئر بھی اپ ڈیٹ ہو جاتا۔‘

دوسری جانب کرکٹ کے لیجنڈ سچن ٹینڈولکر نے بھی افغان ٹیم کی تعریف میں لکھا ’بین الاقوامی کرکٹ میں افغانستان کا چھا جانا متاثر کن ہے۔ اب آپ ان کی جیت کو اپ سیٹ نہیں کہہ سکتے، انہوں نے اب یہ عادت بنا لی ہے۔‘

واضح رہے انگلینڈ چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو چکا ہے اور افغانستان کا اگلہ میچ آسٹریلیا سے شیڈول ہے۔ میچ کے بعد پریس کانفرنس کے بعد افغان ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے انگلینڈ کے بعد آسٹریلیا کو بھی ہرانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔