سعودی وزارت خارجہ نے جمہوریہ سوڈان کے سرکاری اداروں کے خلاف کسی بھی غیرقانونی اقدام کو مسترد کیا ہے جس سے ملکی اتحاد کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو خواہ وہ متوازی حکومت کی تشکیل کا مطالبہ کیوں نہ ہو۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے بیان میں برادر ملک جمہوریہ سوڈان کی سلامتی، اتحاد اورعلاقائی سالمیت کے حوالے سے مملکت کے واضح موقف کا اعادہ کیا۔
بیان میں زور دیا گیا کہ اس طرح کے اقدامات سوڈانی عوام کی خواہشات کی عکاسی نہیں کرتے اور جنگ زدہ ملک کو مزید غیرمستحکم کرسکتے ہیں۔
مملکت نے سوڈانی فریقوں پر زور دیا کہ کہ وہ گروہی یا انفرادی مفادات پر سواڈن کے مفاد کو ترجیح دیں اور باہمی فرقہ بندی سے اجتناب برتیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ جدہ اعلامیہ 11 مئی 2023 کے مطابق سوڈان میں حصول امن کے لیے کی جانے والی کوششوں پرسنجیدگی سے عمل کریں۔