سوڈان کی صورتحال، سعودی عرب اور اقوام متحدہ کی کوششوں کا جائزہ
سعودی وزیر سے اقوام متحدہ اور امریکی ایلچی برائے سوڈان نے ملاقات کی ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی نائب وزیر خارجہ انجینیئر ولید بن عبدالکریم الخریجی سے بدھ کو اقوام متحدہ کے ایلچی برائے سوڈان رمطان لعمامرہ اور امریکی ایلچی ٹام پیریلو نے ملاقات کی ہے۔
موریطانیہ کے دارالحکومت نوا کشوٹ میں سوڈان سے متعلق تیسرے مشاورتی اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں سوڈان کی حالیہ صورتحال کے حوالے سے سعودی عرب اور اقوام متحدہ کی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔
امریکی ایلچی سے ملاقات میں سوڈان کی صورتحال کے علاوہ دوطرفہ تعاون کے طریقوں اور مشترکہ دلچپسی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی نائب وزیر خارجہ سے مصری ہم منصب ابو بکر محمد حنفی اور موریطانیہ کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد سالم ولد مرزوک نے بھی ملاقات کی۔
دوطرفہ تعلقات کا جائزہ، دونوں ملکوں کے مشترکہ مفاد کے حصول کے لیے مختف شعبوں میں انہیں مضبوط بنانے اور ترقی دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال اور اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر بھی بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر موریطانیہ میں سعودی سفیر ڈاکٹر عبدالعزیز بن عبداللہ الرقابی بھی موجود تھے۔