آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں آسٹریلیا اور افغانستان کے درمیان میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ ختم کر دیا گیا جس کی وجہ سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
اگرچہ گروپ اے سے نیوزی لینڈ اور انڈیا سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں تاہم گروپ بی میں سے ابھی تک صرف آسٹریلیا سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ جبکہ دوسری ٹیم کا حتمی فیصلہ سنیچر کو انگلینڈ کو جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے میچ کے بعد ہو گا۔
گروپ بی کی صورتحال
گروپ بی میں آسٹریلیا نے تین میچز کھیلے جس میں سے ایک میں اس نے انگلینڈ کے خلاف فتح حاصل کی جبکہ جنوبی افریقہ اور افغانستان کے خلاف میچز بارش کی نذر ہو گئے۔ یوں وہ چار پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں سرفہرست ہے۔
مزید پڑھیں
اس کے بعد دوسرا نمبر جنوبی افریقہ کا ہے جس نے افغانستان کے خلاف اپنے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کی جبکہ آسٹریلیا کے خلاف دوسرا میچ بارش سے متاثر ہونے کی وجہ سے بے نتیجہ رہا اور اسے ایک پوائنٹ مل گیا۔ یوں اس کے اس وقت تین پوائنٹس ہیں۔
تیسری پوزیشن افغانستان کی ہے جس نے انگلینڈ کے خلاف سسنی خیز میچ جیتا جبکہ جنوبی افریقہ سے اسے شکست ہوئی۔ جبکہ آسٹریلیا کے ساتھ میچ بارش کی وجہ سے مکمل نہ ہو سکا۔ تو اب اس کے بھی تین پوائنٹس ہیں۔
انگلینڈ کی ٹیم مسلسل دو میچ ہار کے ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکی ہے اور جنوبی افریقہ کے خلاف ہار یا جیت اب کوئی معنی نہیں رکھتی۔
اب صورتحال یہ ہے کہ اگر جنوبی افریقہ انگلینڈ کو شکست دے دیتا ہے تو وہ پانچ پوائنٹس کے گروپ بی میں پہلے نمبر پر چلا جائے گا جبکہ آسٹریلیا دوسرے نمبر پر ہو گا۔
لیکن اگر انگلینڈ جیت جاتا ہے تو جنوبی افریقہ اور افغانستان کے پوائنٹس برابر ہو جائیں گے اور سیمی فائنل میں جانے کا دارومدار رن ریٹ پر ہو گا۔ اب اس میدان میں بھی افغانستان کے زیادہ امید نہیں ہے کیونکہ اس کا رن ریٹ جنوبی افریقہ سے خاصا کم ہے اور اسے سیمی فائنل میں جانے کے لیے یہ دعا کرنا ہو گی کہ انگلینڈ جنوبی افریقہ کو کم از کم 207 رنز سے ہرا دے۔ اسی صورت میں افغانستان کی ٹیم سیمی فائنل تک جا سکے گی، ورنہ اس کا ٹورنامنٹ میں سفر ختم ہو جائے گا۔