Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیمپئنز ٹرافی میں شکست کے بعد انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر مستعفی

34 برس کے انگلش کپتان سنیچر کو جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے بعد اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے (فوٹو: اے ایف پی)
انگلینڈ کی وائٹ بال (ون ڈے اور ٹی20) کرکٹ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
آئی سی سی کی ویب سائٹ کے مطابق جوز بٹلر نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پہلے مرحلے میں ہی اپنی ٹیم کے باہر ہونے کے بعد مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے گروپ بی میں انگلینڈ نے اپنا آخری میچ سنیچر کو جنوبی افریقہ کے خلاف کراچی میں کھیلنا ہے۔
34 برس کے انگلش کپتان سنیچر کو جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں ٹیم کی قیادت کرنے کے بعد اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔
جمعے کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے جوز بٹلر انگلش ٹیم کی کپتانی سے الگ ہونے کے بارے میں میڈیا کو آگاہ کیا۔
انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے اس موقعے پر مزید کہا کہ ’یہ میرے لیے صحیح فیصلہ ہے، یہ ٹیم کے لیے صحیح فیصلہ ہے۔‘
’امید ہے کہ کوئی اور آئے گا جو ہیڈ کوچ (برینڈن میک کلم کے ساتھ مل کر) ٹیم کو وہاں لے جائے گا جہاں اسے ہونا چاہیے۔‘
’ایک بات تو واضح ہے کہ یہ ٹورنامنٹ نتائج کے لحاظ سے میری کپتانی کے لیے بہت اہم تھا، تاہم مجھے میچز ہارنے سے مایوسی ہوئی ہے۔‘
واضح ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے گروپ بی میں جوز بٹلر کی کپتانی میں انگلینڈ کی ٹیم کو آسٹریلیا کے علاوہ افغانستان کے خلاف بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
مستعفی ہونے والے انگلش کپتان کا کہنا تھا کہ ’ہیڈ کوچ برینڈن میک کلم کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا اور ہم بہت کم وقت میں ٹیم کو آگے لے کر گئے۔‘
ایک سوال کے جواب میں جوز بٹلر نے جواب دیا کہ ’اپنے ملک اور اپنی ٹیم کے لیے کپتانی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔‘
یاد رہے کہ جوز بٹلر نے جون 2022 میں ایئن مورگن کی جگہ انگلش ٹیم کی کپتانی سنبھالی تھی اور اُسی سال اُن کی قیادت میں انگلینڈ نے دوسری مرتبہ ٹی20 ورلڈ کپ بھی جیتا تھا۔
آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں کھیلے گئے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

شیئر: