Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیمپئنز ٹرافی 2025: افغانستان اور آسٹریلیا کا میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم

افغانستان کی جانب سے صدیق اللہ اتل 85 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں آسٹریلیا اور افغانستان کا میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ ختم کر دیا گیا ہے۔
جمعے کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے دسویں میچ میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
ایک پوائنٹ کے اضافے کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا کے چار پوائنٹس ہو گئے ہیں اور یوں اس نے ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے۔
افغانستان کے پوائنٹس ٹیبل پر تین پوائنٹس ہو گئے ہیں جس کا مطلب ہے کہ افغانستان کی سیمی فائنل تک رسائی اگر مگر سے مشروط ہے۔
سنیچر کو جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان شیڈول گروپ میچ میں اگر انگلش ٹیم بڑے مارجن کے ساتھ جنوبی افریقہ کو شکست دیتی ہے تو افغانستان کے ایونٹ میں آگے سفر جاری رکھنے کا امکان پیدا ہو سکتا ہے۔
اگر جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو شکست دے دی تو وہ آسٹریلیا کے بعد گروپ بی میں سے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی دوسری ٹیم بن جائے گی۔
یاد رہے کہ افغانستان نے آسٹریلیا کو جیتنے کے لیے 274 رنز کا ہدف دیا تھا۔ 

آسٹریلیا کی اننگز

آسٹریلیا نے 274 رنز کے تعاقب میں 12.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 109 رنز اسکور کیے تھے کہ بارش کے باعث کھیل کو روکنا پڑا۔
بارش رکنے بعد گیلی آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے میچ کو ختم کرتے ہوئے آسٹریلیا اور افغانستان کو ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
کینگروز کی جانب سے اوپنر ٹریوس ہیڈ برق رفتار 59 اور کپتان سٹیون سمتھ 19 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے جبکہ میتھیو شارٹ 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

افغانستان کی اننگز

ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان نے مقررہ 50 اوورز میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز بنائے۔

آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 109 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)

افغانستان کی جانب سے صدیق اللہ اتل 85 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ عظمت اللہ عمرزئی نے 67 اور ابراہیم زدران نے 22 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے بین ڈیوارشیس نے تین جبکہ ایڈم زیمپا اور سپینسر جانسن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا نے اس سے قبل روایتی حریف انگلینڈ کو شکست دی تھی جبکہ راولپنڈی میں جنوبی افریقہ کے خلاف اُن کا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔
آسٹریلیا اور افغانستان ون ڈے کرکٹ میں چار مرتبہ آمنے سامنے آئی ہیں جن میں چاروں میچز آسٹریلیا نے جیتے ہیں۔
دونوں ٹیموں نے ون ڈے ورلڈ کپس میں ایک دوسرے سے کُل تین میچز کھیلے ہیں جبکہ چیمپئنز ٹرافی میں یہ پہلا ٹاکرا ہوگا۔ 
پچھلے دو برسوں میں آسٹریلیا اور افغانستان دو مرتبہ انٹرنیشنل میچز میں آمنے سامنے آئے ہیں۔
سنہ 2023 میں انڈیا میں کھیلے گئے ون ڈے ورلڈ کپ کے دوران آسٹریلیا اور افغانستان کے میچ نے دونوں ٹیموں کے درمیان سنسنی کی بنیاد اُس وقت رکھی جب گلین میکسویل نے تن تنہا اپنی ٹیم کو ہارا ہوا میچ جتوا دیا۔
7 نومبر 2023 کو ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں آسٹریلیا نے 291 رنز کا ہدف گلین میکسویل کی تاریخی 201 رنز کی اننگز سے اپنے نام کر لیا۔
اس کے بعد اگلے برس 22 جون 2024 کو سینٹ ونسینٹ میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے میچ میں افغانستان نے ون ڈے ورلڈ کپ کا بدلہ لیتے ہوئے آسٹریلیا کو 21 رنز سے ہرا دیا تھا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سنسنی کی بنیاد اُس وقت رکھی جب گلین میکسویل نے تن تنہا اپنی ٹیم کو ہارا ہوا میچ جتوا دیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

آسٹریلوی ٹیم 149 رنز کا ہدف حاصل کرتے ہوئے 127 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
اس کے علاؤہ آسٹریلیا اور افغانستان کے کرکٹ بورڈز کے درمیان سیاسی گرما گرمی بھی پائی جاتی ہے۔
افغانستان میں طالبان حکومت کی خواتین کرکٹ ٹیم کے حوالے سے پالیسیوں کے باعث آسٹریلیا نے افغانستان سے باہمی کرکٹ سیریز کھیلنے سے انکار کیا ہوا ہے۔
افغانستان اور آسٹریلیا کے درمیان اب تک چار ون ڈے میچز کھیلے جا چکے ہیں جس میں چاروں مرتبہ آسٹریلیا نے فتح حاصل کی۔

 

شیئر: