اہم نکات
-
بلوچستان میں عسکریت پسندوں کی کوسٹل ہائی وے کی ناکہ بندی
-
طورخم بارڈر کراسنگ دسویں روز بھی بند، فورسز میں جھڑپ
-
آئی ایم ایف مشن کے اسلام آباد میں حکومتی معاشی ٹیم سے مذاکرات
-
پنجاب حکومت کے اشتہارات کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست
-
محکمہ موسمیات کی اسلام آباد میں مزید بارشوں کی پیش گوئی
صوبے میں قیام امن کے لیے تمام ادارے ایک پیج پر ہیں: وزیراعلٰی بلوچستان
بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کی زیرِصدارت منعقد ہوا۔
منگل کو چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں کمانڈر بلوچستان کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، آئی جی پولیس سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال، انسداد دہشت گردی کے اقدامات، اور سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے میں قیام امن کے لیے تمام ادارے ایک پیج پر ہیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
اپوزیشن ایک سال میں حکومت کے خلاف کوئی سکینڈل نہیں لا سکی، وزیراعظم
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اپوزیشن ایک سال میں حکومت کے خلاف کوئی سکینڈل سامنے نہیں لا سکی۔
منگل کو حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر کابینہ کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ’میں نے اور آرمی چیف نے دوست ملکوں سے مدد طلب کرنے کے لیے دورے کیے۔ اور بروقت اقدامات سے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آج پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 13 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔ برآمد بتدریج بڑھ رہی ہیں۔ باہر سے ہمارے عظیم پاکستانی خون پسینے کی کمائی سے اربوں ڈالر ملک میں بھیج رہے ہیں، یہ ہماری کامیابی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ترقی و خوشحالی کا سفر تبھی تیزی آئے جب تک ملک سے خوارج کا مکمل خاتمہ نہیں کر دیتے، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں کوئی دن نہیں جاتا جب یہ فوج پر حملہ آور نہ ہوتے ہوں۔
پورٹ قاسم اتھارٹی میں 50 ارب روپے کی کرپشن پکڑی، فیصل واوڈا
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بحری امور کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین کمیٹی فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ انہوں نے پورٹ قاسم اتھارٹی میں 50 ارب روپے کی کرپشن پکڑی۔
منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں کمیٹی کے اجلاس میں چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی اور قائم مقام چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ بھی موجود تھے۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ 500 ایکڑ زمین کی لیز کا معاہدہ عرصہ قبل منسوخ کیا گیا تھا اور معاملہ عدالت میں ہے۔
کمیٹی کے چیئرمین فیصل واوڈا نے اس پر کہا کہ ’50 ارب کی چوری کا نوٹس نہ لیتا تو آپ 72 گھنٹے میں کینسل نہ کرتے۔ اگر کام ٹھیک تھا تو 72 گھنٹے میں کینسل کیوں کیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ایسا معاہدہ تو فوجی بورڈ، ڈکٹیٹر یا چیف جسٹس بھی نہیں کر سکتا۔
سوشل میڈیا پر عمران خان کی بیماری کا جھوٹ پھیلایا گیا، علیمہ خان
تحریک انصاف کے بانی چیئرمین کی ہمشیرہ علیمہ خان نے منگل کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ عمران خان مکمل صحت مند اور خوش ہیں۔
’عمران خان کے تمام کیسز کی سماعت ملتوی ہوئی ہے، آج ہماری بشریٰ بی بی اور عمران خان خان دونوں سے ملاقات ہوئی ہے۔‘
علیمہ خان نے کہا کہ ان کے بھائی بلکل صحت مند اور خوش لگ رہے تھے۔ اُن کے کان میں کوئی تکلیف نہیں نہ کوئی اور بیماری ہے۔ سوشل میڈیا پر بیماری کی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔
’عمران خان کو ارباب نیاز سٹیڈیم کا نام تبدیل کر کے اپنے نام کرنے کی بات پسند نہیں آئی۔ انہوں نے کہا ہے ارباب نیاز سٹیڈیم کا نام واپس رکھا جائے۔‘
پاکستان میں کارٹلز ہیں اور صارفین کو تحفظ حاصل نہیں، اسحاق ڈار
پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک میں کارٹلز کی کمی نہیں اور معاشرے میں صارفین کو ان سے زیادہ تحفظ حاصل نہیں۔
منگل کو اسلام آباد میں مسابقتی (کمپیٹیشن) کمیشن کے ہیڈ آفس کی عمارت کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب میں نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس ادارے کو پاکستان کی ضرورت کے مطابق بنایا اور اس کمیشن کا بطور ریگولیٹر اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے کردار نہایت اہم ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ مسابقتی کمیشن اچھے فیصلہ کرتا ہے لیکن ان پر عدالتوں میں اسٹے لے لیا جاتا ہے۔ ’مافیا نے پاکستان میں سٹاک ایکسچینجز کے انضمام سے روکنے کی کوشش کی۔‘
پاک افغان طورخم بارڈر کراسنگ دسویں روز بھی آمدو رفت کے لیے بند
پاکستان میں سکیورٹی حکام نے بتایا ہے کہ پیر کی رات پاکستان اور افغان فورسز کے درمیان طورخم بارڈر پر دوبارہ جھڑپ ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق دونوں جانب سے فورسز نے چھوٹے بڑے ہتھیاروں کا استعمال کیا۔ گزشتہ روز ہونے والی فائرنگ میں تین سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔
حکام نے بتایا ہے کہ سرحدی گزرگاہ کی بندش کے باعث ہزاروں گاڑیاں پھنس چکی ہیں۔ جبکہ دونوں اطراف کے سکیورٹی حکام میں مذاکرات کا ایک اور دور بے نتیجہ ختم ہوا۔
مصطفیٰ عامر قتل کیس کی تحقیقات، معاملہ قومی اسمبلی پہنچ گیا
زین علی، اردو نیوز کراچی