کامران مختار (فرضی نام) 5 سال ترکیہ میں قیام کرنے کے بعد گزشتہ ہفتے استنبول (ترکیہ) سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئے اور تقریباً پانچ گھنٹے کا فضائی سفر طے کر کے اسلام آباد ایئرپورٹ پر اُترے۔
کامران مختار کے لیے بیرون ممالک سے آنے والے شہریوں کی معمول کی کلیرئنس کا عمل اُس وقت طول پکڑ گیا جب ایئرپورٹ پر موجود امیگریشن حکام نے اُنہیں بتایا کہ اُن کا تو پاکستان سے بیرون ملک جانے کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے۔
یہ بتانے کے بعد اُنہیں ایک الگ کمرے میں لے جایا گیا اور پوچھ گچھ شروع کر دی گئی۔
کامران مختار نے امیگریشن حکام کو بتایا کہ وہ پانچ برس قبل پشاور سے بیرون ملک گئے تھے لیکن اُن کا پاکستان سے باہر جانے کا ریکارڈ نہ ہونے کی وجہ سے امیگریشن حکام کو شُبہ ہوا کہ وہ غیرقانونی طریقے سے بیرونِ ملک گئے ہیں۔
مزید پڑھیں
-
امریکی شہریت حاصل کرنے کے لیے 50 لاکھ ڈالر کا ’گولڈ کارڈ‘Node ID: 886473
کامران مختار نے اُردو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ ’وہ پانچ گھنٹے ایئرپورٹ پر رکنے اور امیگریشن حکام کو دستاویزی ثبوت دکھانے کے بعد گھر جانے میں کامیاب ہو سکے۔‘

پاکستان سے بیرون ممالک غیرقانونی طریقے سے جانے اور پھر واپس پاکستان آنے والے شہریوں کی نشاندہی کرنے کے لیے ایف آئی اے اور امیگریشن حکام بیرون ممالک سے آنے والے اُن شہریوں جن کا پاکستان سے بیرون ملک جانے کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے، کو ایئر پورٹ پر سخت جانچ پڑتال کے عمل سے گزار رہے ہیں۔
اس بارے میں امیگریشن اینڈ پاسپورٹ حکام نے اُردو نیوز کو بتایا ہے کہ عمومی طور پر جو شہری پاکستان سے کسی غیرقانونی راستے سے بیرون ملک جاتے ہیں، اُن کا پاکستان سے باہر جانے کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہوتا۔
’اگر کوئی شہری ایئرپورٹ پر اُترے اور اُس کے سفری ریکارڈ میں پاکستان سے باہر جانے کا ذکر نہ ہو تو بظاہر یہی لگتا ہے کہ وہ ڈنکی لگا کر یا کسی دوسرے غیرقانونی طریقے سے بیرون ملک گیا تھا۔‘
حکام کا کہنا تھا کہ حالیہ عرصے میں ایئرپورٹ پر ایسے شہریوں کے لیے ایس او پیز کو مزید سخت بنا دیا گیا ہے۔
’کوئی شہری اگر اپنی سفری دستاویزات اور ریکارڈ میں یہ ثابت نہ کر سکے کہ وہ قانونی راستے سے ہی پاکستان سے باہر گیا ہے تو اُس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔‘

اُنہوں نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’گزشتہ دو ماہ کے دوران ایسے بیسیوں شہریوں کو حراست میں لے کر اُن کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی گئی ہے جن کا پاکستان سے باہر جانے کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں تھا۔‘
اُردو نیوز نے امیگریشن کے ماہرین سے بھی گفتگو کر کے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ غیرقانونی طور پر پاکستان سے باہر جانے والے شہری قانونی طور پر پاکستان واپسی کیسے ممکن بناتے ہیں؟
تارکین وطن کے حوالے سے کام کرنے والے وکیل اور امیگریشن کے ماہر یاسر شمس نے بتایا کہ ’اگر کوئی پاکستانی شہری غیرقانونی طریقے سے بیرون ملک جائے، اس کے باوجود وہ خود کو بیرون ملک قانونی طور پر رہنے کے قابل بنا سکتا ہے۔‘
اُنہوں نے واضح کیا کہ ’ایسے شہری بیرون ملک جا کر کسی نوکری کا پرمٹ حاصل کر لیتے ہیں یا وہ کسی مقامی لڑکی سے شادی کر لیتے ہیں۔ ان دو طریقوں سے وہ خود کو قانونی طور پر کسی دوسرے ملک کا رہائشی بنا لیتے ہیں، البتہ اگر ایسے شہری باہر جا کر سیاسی پناہ لینے کا فیصلہ کرتے ہیں تو اس صورت میں اُن کی پاکستان واپسی ممکن نہیں ہوتی۔‘
