Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: بلال بن ثاقب پاکستان کرپٹو کونسل میں وزیر خزانہ کے چیف ایڈوائزر مقرر

اہم نکات:
  • وزیراعظم شہباز شریف کا امریکہ سے قریبی شراکت داری جاری رکھنے کا عزم
  • بلال بن ثاقب پاکستان کرپٹو کونسل میں وزیر خزانہ کے چیف ایڈوائزر مقرر
  • چیمپئنز ٹرافی، دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ مدمقابل
  • بنوں چھاؤنی پر حملے کی منصوبہ بندی افغانستان سے ہوئی، آئی ایس پی آر

حکومت پاکستان نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے بلال بن ثاقب کو کرپٹو کونسل کا چیف ایڈوائزر مقرر کر دیا ہے۔
بدھ کو فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے بلال بن ثاقب کی تعیناتی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
وزیر خزانہ اور ریوینیو کے مشیر برائے پاکستان کرپٹو کونسل، بلال بن ثاقب ویب تھری انویسٹر اور سٹریٹیجک ایڈوائزر ہیں۔ وہ فوربز 30 انڈر 30 میں بھی شامل ہیں۔
بلال بن ثاقب کو برطانوی وزیراعظم کی جانب سے پوائنٹس آف لائٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے۔

خضدار میں بم دھماکہ، تین افراد ہلاک

بلوچستان کے ضلع خضدار میں بم دھماکے میں تین افراد ہلاک اور سات زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق دھماکا خضدار سے تقریباً 50 کلومیٹر دور تحصیل نال کے  بازار میں  ہوا جس کے نتیجے میں ایک گاڑی اور متعدد موٹر سائیکلیں تباہ ہوگئیں۔
ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی  نے اردو نیوز کو بتایا کہ حملے کا ہدف صمد سمالانی نامی شخص تھا تاہم وہ اس میں محفوظ رہا۔ 
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔
لیویز کے مطابق شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے خضدار کے گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال  بھیج دیا گیا۔

 بنوں چھاؤنی پر حملے کی منصوبہ بندی افغانستان سے ہوئی، آئی ایس پی آر
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ بنوں چھاؤنی میں فائرنگ کے تبادلے میں پانچ سکیورٹی اہلکار جان سے گئے جبکہ چار خودکش بمبار سمیت 16 شدت پسند ہلاک ہو گئے۔
بدھ کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چار مارچ کو بنوں چھاؤنی پر خودکش دھماکوں کے باعث مسجد اور رہائشی عمارت میں موجود 13 شہری ہلاک جبکہ 32 زخمی ہوئے۔
بیان کے مطابق کہ بنوں چھاؤنی پر حملے کی منصوبہ بندی افغانستان سے ہوئی۔ ’چھاؤنی پر حملہ افغانستان میں موجود خوارج رہنماؤں کی ہدایت پر کیا گیا۔ اس حملے میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں، توقع ہے افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں نبھائے گی۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ آوروں کا مقصد کینٹ کی سکیورٹی کو توڑنا تھا۔

بنوں ڈسٹرکٹ ہسپتال میں زیرعلاج منہدم ہونے والی مسجد کے قاری فیروز احمد جن کو بے ہوشی کی حالت میں زندہ نکالا گیا، نے بتایا کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ افطاری کر رہے تھے کہ اچانک دھماکہ ہو گیا۔
دھماکے کے بعد اندھیرا چھا گیا، اور پھر مسجد کی چھت ان کے اوپر گر گئی۔ براڑہ مسجد میں تراویح پڑھنے کے لیے موجود دیگر ساتھی مسجد گرنے کی وجہ سے جان سے گئے۔‘

’دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرنے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ‘

وزیراعظم شہباز شریف نے انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں پاکستان کا کردار تسلیم کرنے اور سراہنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا ہے۔
بدھ کو ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔
’ہم دہشت گردی کے مظاہر سے نمٹنے کے لیے اپنے عزم پر ثابت قدم ہیں۔ اس کوشش میں پاکستان نے بڑی قربانیاں دی ہیں، جن میں ہمارے 80 ہزار سے زیادہ بہادر فوجیوں اور شہریوں نے جانیں قربان کیں۔‘
 انہوں نے کہا کہ ’ہم علاقائی امن اور استحکام کے لیے امریکہ کے ساتھ قریبی شراکت داری جاری رکھیں گے۔‘

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا دوسرا سیمی فائنل: نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ کے مناظر
تصاویر: اے ایف پی

 


225 گاڑیوں پر مشتمل سامانِ رسد کا ایک بڑا قافلہ پاڑہ چنار پہنچ گیا ہے

سرکاری ذرائع کے مطابق 225 گاڑیوں پر مشتمل سامانِ رسد کا ایک بڑا قافلہ پاڑہ چنار پہنچ گیا ہے۔
قافلے میں اشیائے خوردونوش کے علاوہ پیٹرولیم مصنوعات بھی بجھوائی گئی ہے۔
 سرکاری ذرائع کے مطابق کرم میں امن معاہدے کے تحت اب تک 272 بنکر مسمار کیے جا چکے ہیں۔
’100 سے زائد شرپسند عناصر کو بھی حراست میں لیا جا چکا ہے۔‘

 نائب وزیراعظم جدہ میں او آئی سی وزرائے خارجہ کی کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے

 
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیرمعمولی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب جائیں گے۔
منگل کو دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ اجلاس سات مارچ کو جدہ میں منعقد ہوگا۔
’اجلاس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلٰی حکام فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت، فلسطینیوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں اور ان کی نقل مکانی کے باعث بگڑتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کریں گے۔‘
اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے موقع پر نائب وزیراعظم کی او آئی سی کے اہم رکن ممالک کے  ہم منصبوں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
 

صوبہ سندھ میں محکمۂ ایکسائز ٹیمپرڈ گاڑیوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیوں کر رہا ہے؟
زین علی، اردو نیوز کراچی

پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ میں ٹیمپرڈ گاڑیوں کے خلاف محکمۂ ایکسائز نے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔
کراچی کے پوش علاقے سی ویو میں حالیہ چیکنگ کے دوران ایسی متعدد گاڑیاں پکڑی گئی ہیں جن پر سرکاری نمبر پلیٹس لگی ہوئی تھیں اور وہ محکمہ کسٹمز کے افسروں کے استعمال میں تھیں۔
مزید تفصیل کے لیے یہاں کلک کریں

چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں آج جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ مدمقابل

چیمپئنز ٹرافی کا دوسرا سیمی فائنل آج لاہور میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔
پہلے سیمی فائنل میں انڈیا نے آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
سکیورٹی کے لیے لاہور پولیس کے 12 ہزار 201 افسران و اہلکار تعینات ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ ٹیموں کے ایئر پورٹ سے ہوٹل اور سٹیڈیم تک روٹ ہائی الرٹ رہیں گے۔

معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے بزدل دہشت گرد رعایت کے مستحق نہیں، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں کینٹ پر خودکش حملوں کی مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ’سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں نے فتنہ الخوارج کا حملہ ناکام بنایا، رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے بزدل دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
منگل کو ضلع بنوں میں واقع کینٹ میں دو خودکش دھماکوں میں کم ازکم 12 افراد ہلاک جبکہ 30 زخمی ہوئے۔
بنوں ڈسٹرکٹ ہسپتال کے ترجمان کے مطابق ’پانچ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، چھت گرنے کی وجہ سے زیادہ تر زخمیوں کو سر پر چوٹیں آئی ہیں۔‘

پیکا ترمیمی ایکٹ 2025: پنجاب حکومت اور پی ٹی اے سے جواب طلب

لاہور ہائیکورٹ نے پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کے خلاف درخواستوں پر پنجاب حکومت اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (پی ٹی اے) سے جواب طلب کر لیا۔
بدھ کو لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فارق حیدر نے پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی۔
جسٹس فاروق نے کہا کہ ’اگر آئندہ سماعت پر فریقین کی جانب سے جواب نہ آیا تو قانون اپنا رستہ لے گا۔‘
عدالت نے پی ٹی اے اور حکومت پنجاب سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 13 مارچ تک ملتوی کر دی۔

شیئر: