Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد محمد بن سلمان نے جدہ میں یوکرینی صدر کا خیر مقدم کیا

یوکرینی صدر ملاقات کےلیے پہنچے تو استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے پیر کی رات جدہ میں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کا خیرمقدم کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق  ملاقات میں دونوں دوست ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے پہلووں کا جائزہ اور یوکرینی بحران کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے یوکرینی بحران کے حل اور امن کے حصول کے لیے کی جانے والی تمام بین الاقوامی کوششوں کےلیے مملکت کی خواہش اور سپورٹ کا اعادہ کیا۔
یوکرینی صدر نے مشرق وسطی اور دنیا میں سعودی عرب کے اہم کردار کی تعریف کرتے ہوئے مملکت کی طرف سے کی جانے والی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں یوکرینی صدر ملاقات کے لیے السلام پیلس پہنچے تو باضابطہ سرکاری تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی چینل الاخباریہ کے مطابق صدر زیلنسکی امریکی اور یوکرینی حکام کے جدہ میں مذاکرات سے ایک دن قبل سعودی عرب پہنچے ہیں۔
امریکی اور یوکرینی حکام کے درمیان روس، یوکرین جنگ کے حوالے سے مذاکرات منگل کو ہوں گے۔


امریکی اور یوکرینی حکام کے درمیان مذاکرات منگل کو ہوں گے۔(فوٹو: ایس پی اے)

جدہ میں ہونے والے مذاکرات میں امریکی اور یوکرینی حکام روس، یوکرین تنازع کا حل ڈھونڈنے کی کوشش کریں گے۔
قبل ازیں صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا تھا کہ یوکرین سعودی عرب میں امریکہ کے ساتھ تعمیری مکالمے کے لیے پرعزم ہے۔
 سعودی عرب روانگی سے قبل ایکس پر صدر زیلنسکی کا کہنا تھا  ’میز پر حقیقت پسندانہ تجاویز موجود ہیں جن پر تیزی اور مؤثر طریقے سے عمل کرنا معاملات کی کلید ہے۔‘

شیئر: