سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے پیر کو جدہ میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا خیرمقدم کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق السلام پیلس میں ہونے والی ملاقات میں سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے پہلووں، مختلف شعبوں مں انہیں مضبوط بنانے اور ترقی دینے کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔
علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال، سلامتی اور استحکام کے حصول کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور امریکہ میں سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العبیان موجود تھے۔
عرب نیوز کے مطابق امریکی وزیر خارجہ یوکرین کے ساتھ اہم مذاکرات سے قبل سعودی عرب پہنچے ہیں جس کا مقصد روس کے ساتھ تین سال سے جاری تنازع کو ختم کرنا ہے۔
امریکی اعلی سفارتکار منگل کو یوکرین کے عہدیداروں کے ساتھ متوقع مذاکرات کےلیے ایک وفد کے ہمراہ جدہ پہنچے جس میں صدر ٹرمپ کے قومی سلامتی کے مشیر مائیک والٹرز شامل ہیں۔
قبل ازیں امریکی وزیرخارجہ پیر کو جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے تو وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ان کا خیرمقدم کیا۔
یاد رہے کہ امریکہ اور یوکرین کے درمیان مذاکرات منگل کو جدہ میں منعقد ہوں گے۔
سعودی وزارت خارجہ کے جاری بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والے مذاکرات کا مملکت نے خیرمقدم اور یوکرین میں دیرپا امن کے حصول کے لیے اپنی کوششوں کا اعادہ کیا۔
سعودی عرب سفارتی حل کی حمایت کرتے ہوئے گزشتہ تین سالوں میں متعدد بار مذاکرات میں مدد فراہم کر چکا ہے اور استحکام کے فروغ اور بات چیت کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔