Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ کی جانب سے جدہ میں امریکہ اور یوکرین کے مذاکرات کا خیرمقدم

کابینہ کا ہفتہ وار اجلاس شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سربراہی میں ہوا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے امریکہ اور یوکرین کے حکام کے درمیان جدہ میں ہونے والے مذاکرات کا خیرمقدم کیا ہے، جس کی میزبانی سعودی عرب نے کی۔
ایس پی اے کے مطابق کابینہ کا ہفتہ وار اجلاس منگل کو جدہ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سربراہی میں منعقد ہوا ہے۔
 اجلاس میں مقامی اور عالمی سطح پر مختلف موضوعات زیربحث آئے۔ امریکہ اور یوکرین مذاکرات کےلیے مملکت کی میزبانی کے فیصلے کو سراہا گیا جو مسئلے کے حل کےلیے اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔
 اجلاس کے آغاز میں ارکین کابینہ کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اریٹیریا کے صدر کی جانب سے موصول ہونے والے مکتوب کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
 ولی عہد  سے یوکرینی صدر اور امریکی وزیر خارجہ کی ملاقات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا جس میں یوکرین کے مسئلے کے حل اور مستقل بنیادوں پر قیام امن کے لیے  مملکت کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔
علاوہ ازیں دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعلقات کے حوالے سے مشترکہ بزنس کونسل کے از سرنو قیام کاخیر مقدم کیا گیا۔
وزیر اطلاعات سلمان الدوسری کا کہنا تھا ’ اجلاس نے علاقائی اور عالمی حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ خطے کو موجودہ درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی مشاورت اور ہم آہنگی میں اضافے کی کوششوں کو سراہا۔‘
 اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے غیرمعمولی اجلاس کے اعلامیہ کو سراہا  گیا جس میں فلسطینی عوام کو بے گھر کرنے کے مطالبے کو مکمل طورپر مسترد کرنے پر زو دیا گیا۔ مسئلے کے حل کے لیے برادر اور دوست ممالک کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کی تصدیق کی گئی۔
کابینہ  نے شامی قیادت کی جانب سے ملک میں امن عامہ کو برقرار رکھنے اور ریاستی اداروں کی تعمیر کے عمل کو مکمل کرنے کے اقدامات کو بھی سراہا۔
 مکہ مکرمہ میں ہونے والی عالمی کانفرنس میں اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کے حوالے سے مملکت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کی تعریف کی گئی۔
مختلف شعبوں میں بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ شراکت داری کو مستحکم کرنے کے لیے مملکت کی کوششوں کو سراہا گیا جس میں خواتین کے حوالے سے اقوام متحدہ  کے 69 ویں اجلاس کی صدارت کرنا شامل تھا۔

شیئر: