سعودی کابینہ نے دنیا بھر میں امن وسلامتی کے فروغ اور تمام بین الاقوامی بحرانوں کو حل کرنے کے واحد راستے کے طور پر بات چیت کی کوششوں کے لیے مملکت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیزکی سربراہی میں کابینہ کا ہفتہ وار اجلاس ریاض میں منعقد ہوا جس میں مقامی ، علاقائی اورعالمی حالات کا جائزہ لیا گیا۔
مزید پڑھیں
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ارکین کابینہ کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ دوست اور برادر ممالک کے قائدین کی ملاقات سے آگاہ کیا گیا جس میں علاقائی اور عالمی حالات پر غور کیا گیا تھا۔
کابینہ نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ٹیلی فونک رابطے کو سراہا جس میں انہوں نے مملکت کی جانب سے امن و استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی تھی۔
سعودی وزیر اطلاعات نے اجلاس کے حوالے سے بتایا اجلاس نے العلا انٹرنیشنل اکنامک کانفرنس کو سراہا جس کا انعقاد عالمی مالیاتی فنڈ اور سعودی عرب کے اشتراک سے کیا گیا۔
کابینہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ کہ ریاض انٹرنیشنل ہیومینٹنیٹرین فورم میں دنیا بھر کے بحرانوں میں انسای ہمدردی کی کوششوں کے حوالے سے زیادہ موثر حل سامنے آئیں گے۔
سعودی عرب اور خلیج پیٹروکیمیکلز فیڈریشن کے معاہدے کی منظوری دی گئی جس کے تحت فیڈریشن کے صدر دفتر کو ریاض منتقل کیا جائے گا۔
اجلاس نے ریاض میں ہونے والے سعودی میڈیا فورم کے چوتھے ایڈیشن کے کامیاب انعقاد کو سراہا جس میں بڑی سطح پر عالمی نمائندگی ہوئی اور میڈیا کے حوالے سے متعدد اقدمات اور منصوبے جاری کیے گئے۔
ارکین کابینہ نے ہفتہ وار جدول کے مطابق امور کا جائزہ لیا جن میں شوری کونسل کی جانب سے پیش کی جانے والی سفارشات اورسیاسی و امن عامہ کے علاوہ معاشی اور سماجی امور شامل تھے۔
مختلف ممالک کے ساتھ تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرنے کی بھی منظوری جاری کی جن میں پولینڈ کی قومی لائبریری اور شاہ فہد لائبریری کے مابین تعاون کی ہدایت کی گئی۔
مملکت اور تنزانیہ کے ساتھ انسداد جرائم اور سول ڈیفینس کے شعبوں میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری دی گئی۔