Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ کا اجلاس، فلسطینیوں کی بے دخلی مسترد، عرب سمٹ کے فیصلوں کی حمایت

اجلاس منگل کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت ہوا ہے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے منگل کو قاہرہ میں غیر معمولی عرب سربراہ کانفرنس کے ان فیصلوں کی مکمل حمایت کی ہے جس میں فلسطینیوں کی ان کی سرزمین سے بے دخلی کو مسترد کیا گیا۔
کانفرنس کا مقصد جنگ کے نتیجے میں ہونے والے تباہ کن نتائج کو ختم کرنا تھا۔
ایس پی اے کے مطابق کابینہ کا ہفتہ وار اجلاس ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارات  منگل کی شب ریاض میں ہوا ہے۔
عرب سربراہ کانفرنس میں فلسطینیوں کو ان کے جائز حقوق فراہم کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
کابینہ اجلاس میں اسرائیلی حکومت کے اس فیصلے کی مذمت کی گئی جس میں فلسطینیوں کے لیے غزہ پٹی میں بھیجی جانے والی امداد کو روکنے کا کہا گیا تھا۔ 
عالمی برادری پر زوردیا گیا کہ ’وہ اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے غزہ میں امداد کی مستقل بنیادوں پر ترسیل کو یقینی بنائے۔‘
 اجلاس کے آغاز میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو جمہوریہ آذربیجان اور جمہوریہ کوموروس کے صدر کی جانب سے موصول ہونے والے مکتوب اور لبنانی صدر جوزف عون کے دورہ مملکت کے بارے میں آگاہ کیا۔
کابینہ نے مملکت اور لبنان کے  مشترکہ اعلامیہ کو سراہا جس میں معاہدہ طائف اور عالمی قراردادوں پر عمل درآمد کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
علاوہ ازیں لبنانی ریاست کی خود مختاری، ہتھیاروں کو محدود کرنے لبنانی فوج کے کردار اور لبنان سے اسرائیلی قابض فوج کے انخلا کی اہمیت پر زوردیا گیا۔
اجلاس میں مقامی اور عالمی حالات بھی زیر بحث آئے۔ اجلاس کے ایجنڈے کے امور تفصیلی جائزہ اور معاہدوں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس نے بڑے ترقیاتی اورخدمات کے منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا جس کا مقصد مملکت میں جامع ترقیاتی عمل کو بڑھانا ہے۔
اجلاس نے ریاض میں سپورٹس بولیوارڈ پروجیکٹ کے پہلے مرحلے کے آغاز پر مبارکباد دی۔

 

شیئر: