پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض ایک مرتبہ پھر سے سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بنے ہوئے ہیں۔
وِزڈن کے مطابق 2023 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے وہاب ریاض ایک مرتبہ پھر سے کرکٹ کے میدان میں واپس آ گئے۔
وہاب ریاض نے لاہور کے علی گڑھ گراؤنڈ میں لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے ٹرائل میچ کھیلا۔
مزید پڑھیں
یہ میچ ڈومیسٹک ٹی20 ٹورنامنٹ ’نیشنل ٹی20 کپ‘ کے لیے ٹرائل کے طور پر کھیلا جا رہا تھا۔
اس میچ میں وہاب ریاض نے تین اوورز میں ایک وکٹ حاصل کی اور بیٹںگ کرتے ہوئے 31 رنز بھی بنائے۔
وہاب ریاض کی جانب سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کے فیصلے کو سوشل میڈیا پر زیادہ پسند نہیں کیا گیا اور کرکٹ شائقین نے اُن پر تنقید کے تیر چلانے شروع کر دیے۔
اپنے اوپر ہونے والی تنقید کے بعد واپس فاسٹ بولر نے دوبارہ سے ریٹائرمنٹ لے لی جس کی تصدیق سابق کرکٹر سلمان بٹ نے ٹی وی شو چیمپئنز زون میں کی۔
ریٹائرمنٹ کے بعد وہاب ریاض پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں کئی عہدوں پر کام کر چکے ہیں۔
انہیں نومبر 2023 میں چیف سلیکٹر کا عہدہ دیا گیا تاہم سنہ 2024 میں ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی خراب کارکردگی کے باعث انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
رواں ماہ کھیلی گئی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں وہاب ریاض کو پاکستانی ٹیم کا مینٹور اور ایونٹ کا سپروائزر بنایا گیا۔
اس کے علاؤہ وہ صوبہ پنجاب کی نگراں حکومت میں صوبائی وزیر کھیل بھی رہ چکے ہیں۔
اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر کرکٹ صارفین وہاب ریاض پر تنقید کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
اسامہ ظفر نے طنزیہ انداز میں مِیم شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اب پاکستان کو کوئی 2026 کا ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے سے نہیں روک سکتا۔‘
عاصم محمود نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’39 سال کی عمر میں وہاب ریاض نیشنل ٹی20 کپ کھیلنے والے ہیں۔ کیا یہ وہی نوجوان پاکستانی کرکٹ ٹیم کا مستقبل ہے جس کی بات عاقب جاوید بات کر رہے تھے۔‘
تاجال نور نے لکھا کہ ’نوجوانوں کو موقع دو، بس کردو کتنا کھیلو گے اور۔‘