Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا خون عطیہ کرنے سے انسانی صحت کو فائدہ پہنچتا ہے؟

خون کا عطیہ صحت کے لیے فائدہ مند ہے (فائل فوٹو: پکسابے)
خون عطیہ کرنا ایک ایسا عمل ہے جس کی وجہ سے زندگیاں بچائی جا سکتی ہیں۔
یہ حادثات کا شکار ہونے والے متاثرین، جراحی کے عمل سے گزرنے والے مریضوں اور دائمی بیماریوں سے لڑنے والے مریضوں کی مدد کرتا ہے۔
خون عطیہ کرنے کے چند حیران کن فوائد بھی ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ خون کا عطیہ صرف دوسروں کی جان نہیں بچاتا ہے بلکہ یہ عمل خون عطیہ کرنے والوں کی صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہوتا ہے۔
لندن کے ’فرینسس کرک انسٹی ٹیوٹ‘ کی ایک دلچسپ تحقیق نے خون دینے کی عادت اور خون کے کینسر کے خطرات کے درمیان ایک غیرمتوقع تعلق کو اجاگر کیا ہے۔
جیسے جیسے ہم عمر رسیدہ ہوتے ہیں، ہمارے خون بنانے والے سٹیم سیلز قدرتی طور پر میوٹیشنز جمع کرتے ہیں۔ اس عمل کو کلونل ہیماٹوپوئسس کہا جاتا ہے۔
ان میں سے کچھ میوٹیشنز لیوکیمیا اور دیگر خون کی بیماریوں کے خطرے کو بڑھا سکتی ہیں۔
محققین نے 60 کی دہائی میں خون عطیہ کرنے والے دو گروپوں کا موازنہ کیا۔
ان میں سے ایک گروپ نے 40 برس تک ہر سال تین مرتبہ خون دیا جبکہ دوسرے گروپ نے پانچ مرتبہ خون دیا تھا۔ اس تحقیق کے نتائج دلچسپ تھے۔
دونوں گروپوں میں جینیاتی میوٹیشنز کی تعداد تقریباً یکساں تھی، لیکن بار بار خون دینے والے گروپ میں ایسی میوٹیشنز کی شرح زیادہ تھی جو عام طور پر کینسر سے منسلک نہیں ہوتیں۔
سائنس دانوں کا ماننا ہے کہ باقاعدہ خون عطیہ کرنے سے نئے خون کے خلیوں کی پیداوار کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے، جو جینیاتی نطام کو ایک فائدہ مند طریقے سے تبدیل کر سکتا ہے۔

خون کا عطیہ دل کی بیماریوں پر اثرانداز ہوتا ہے (فائل فوٹو: پکسابے)

اس پہلو پر اگرچہ مزید تحقیق کی ضرورت ہے لیکن یہ نتائج ایک ممکنہ حفاظتی اثر کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔
خون عطیہ کرنے سے سب سے بہتر طور پر دستاویزی فوائد میں سے ایک اس کا دل کی صحت پر ممکنہ اثر ہے۔
خون کا گاڑھا پن دل کی بیماریوں میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
خون گاڑھا ہونے کی وجہ سے اس کے شریانوں میں جمنے کے امکانات ہوتے ہیں جو فالج، ہارٹ اٹیک اور دل کی دوسری بیماریوں کی وجہ بن سکتا ہے۔ خون عطیہ کرنے سے اس کا گاڑھا پن کم کیا جا سکتا ہے۔

خون کا عطیہ بلڈ پریشر پر اثرانداز ہوتا ہے (فائل فوٹو: پکسابے)

آئرن آکسیجن کی منتقلی کے لیے ضروری ہے لیکن اس کی زیادتی آکسیڈیٹیو دباؤ اور سوزش کا سبب بن سکتی ہے، جو دونوں دل کی بیماریوں سے جڑے ہوئے ہیں۔
خون دینے سے آپ قدرتی طور پر اضافی آئرن کو کم کرتے ہیں جس سے دل کی بیماریوں کے خطرے میں کمی آ سکتی ہے۔
کچھ تحقیقات میں یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ ہائی بلڈ پریشر کا شکار افراد کے خون دینے سے خون کے دباؤ کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
لہٰذا خون دینا نہ صرف دوسروں کی مدد کرتا ہے بلکہ یہ آپ کی اپنی صحت کے لیے بھی مفید ہو سکتا ہے، خاص طور پر دل کی بیماریوں اور بلڈ پریشر سے متعلق مسائل کو کم کرنے کے حوالے سے۔

 

شیئر: