رمضان میں کون سی غذائیں کھائیں اور کن سے پرہیز کریں؟
رمضان میں کون سی غذائیں کھائیں اور کن سے پرہیز کریں؟
اتوار 2 مارچ 2025 6:23
رمضان کے دوران کولڈ ڈرنکس اور مشروبات کے استعمال سے اجتناب کریں (فائل فوٹو: آئی سٹاک)
رمضان میں لوگ انواع و اقسام کے کھانوں سے اپنے دستر خوانوں کو سجاتے ہیں اور طرح طرح کے پکوانوں سے لُطف اندوز ہوتے ہیں۔
اس کے علاوہ رشتہ دار اور دوست ایک دوسرے کی افطار پر دعوت بھی کرتے ہیں جس سے آپ کے کھانے پینے کی عادات متاثر ہونا کا خدشہ ہوتا ہے۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق رمضان میں عام طور پر لوگ جسمانی سرگرمی نہیں کرتے جس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ایک ہی ماہ کے دوران آپ کا وزن بڑھ جاتا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق سادہ ہدایات پر عمل کرکے آپ اپنے وزن، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کو کنٹرول کر سکتے ہیں۔ ماہ رمضان میں ان ہدایات کو اپنائیں تو آپ کی صحت بہتر رہے گی۔
رمضان میں میٹھے مشروبات اور کولڈ ڈرنکس کے بجائے پانی پیئیں تاکہ آپ کے جسم میں نمکیات کی کمی نہ ہو۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ روزہ رکھنے والے افراد پانی کی کمی سے بچنے کے لیے دن میں کم سے کم 10 گلاس پانی پیئیں۔
اس کے علاوہ ہائیڈریٹنگ فوڈز جیسے سُوپ، تازہ پھلم سبزیاں اور سلاد وغیرہ کھائیں۔ صحت مند پروٹین حاصل کرنے کے لیے بھُنا ہوا گوشت غذا میں شامل کریں۔
اپنے کھانے میں سبزیاں، کاربوہائیڈریٹس، پروٹین، انڈے اور خالص گندم سے بنی روٹی اور جو کا دلیہ شامل کریں۔
روزہ افطار کرنے کے لیے تین عدید کھجوریں کھائیں کیونکہ کھجور فائبر کا بہترین ذریعہ بھی ہے۔
رمضان میں مُرغن، تلی ہوئی اشیا سموسوں، پکوڑوں، اچار اور پروسیسڈ کھانوں کا استعمال بڑھ جاتا ہے، لہٰذا ایسے کھانوں سے پرہیز کریں جن میں چکنائی یا چینی کی مقدار زیادہ ہو۔
اپنے جسم میں کیلوریز کی مقدار کم کرنے کے لیے چربی والی غذاؤں کے بجائے ایسے کھانے کھائیں جن میں پروٹین اور فائبر زیادہ پائی جاتی ہے۔
بہت زیادہ پیٹ بھر کر سحری نہ کریں۔ خاص طور پر بزرگ افراد، نو عمر بچے، حاملہ خواتین اور دودھ پلانے والی ماؤں کے ساتھ ساتھ وہ بچے جو روزہ رکھتے ہیں۔
ماہ صیام میں چکنائی کے بجائے فائبر اور پروٹین والی غذاؤں کے استعمال کو ترجیح دیں (فائل فوٹو: آئی سٹاک)
رمضان کے دوران مٹھائیوں اور سویٹ ڈشز کا استعمال بھی بڑھ جاتا ہے، ِان سے پرہیز کریں اور اس کے علاوہ اپنی خوراک میں چربی اور نمک کی مقدار کو بھی کم کر دیں۔
زیادہ کھانا دل کی جلن اور تکلیف کا باعث بنتا ہے، زیادہ سے زیادہ حرکت کرنے اور چلنے پھرنے کی عادت اپنائیں۔ ماہرین صحت کے مطابق افطار میں ضرورت سے زیادہ کھانے سے پرہیز کریں کیوں کہ اس سے آپ سستی کی شکایت کریں گے۔
رمضان کے دوران روزانہ واک کریں جس سے نہ صرف آپ کے جسم میں اضافی چربی کم ہو گی بلکہ آپ کی صحت پر بھی خوش گوار اثرات مرتب ہوں گے۔
اگر آپ سگریٹ نوش ہیں تو ابھی سے سگریٹ کی تعداد میں بھی کمی کرنا شروع کر دیں۔
رمضان میں عام طور پر نیند پوری نہ ہونے کی شکایت کی جاتی ہے، لہٰذا اس ماہ کے دوران آپ جلدی سونے کی کوشش کریں تاکہ آپ کی نیند پوری ہو اور آپ تھکاوٹ اور سستی محسوس نہ کریں۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ روزہ رکھنے کے باوجود ہر انسان کو صحت مند رہنے کے لیے معمول کے مطابق کام کرنا چاہیے۔
جب درجہ حرارت زیادہ ہو تو دھوپ سے پرہیز کریں۔ ٹھنڈی اور سایہ دار جگہ پر رہنا ضروری ہے۔