Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: مصطفیٰ عامر قتل کیس، مرکزی ملزم ارمغان ’اعتراف جرم‘ کے لیے تیار

اہم نکات

وزیراعظم شہباز شریف 19 مارچ سے چار روزہ دورے پر سعودی عرب جائیں گے
قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس شروع، وزیراعظم سمیت اعلٰی عسکری قیادت موجود
بحرین کے نیشنل گارڈ کے کمانڈر کی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات
لاپتہ نوجوانوں کی عدم بازیابی پر کوئٹہ کراچی شاہراہ ایک بار پھر بند کر دی گئی

مصطفیٰ عامر قتل کیس: مرکزی ملزم ارمغان ’اعتراف جرم‘ کے لیے تیار

مصطفیٰ عامر قتل کیس کا مرکزی ملزم ارمغان قریشی ’اعتراف جرم‘ کے لیے تیار ہو گیا ہے۔
منگل کو کیس کی سماعت کے دوران وکیل صفائی طاہر الرحمان تنولی نے کہا کہ ’ملزم ارمغان نے عدالت کے روبرو اعتراف جرم کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ملزم ارمغان کو اتنا پریشان کیا ہوا ہے کہ وہ اعتراف جرم کے لیے بھی تیار ہے۔‘
تاہم عدالت نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو اعتراف جرم کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب ملزم ارمغان قریشی کے وکیل عابد زمان خان نےمقدمے کی پیروی سے انکار کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میری ملزم کے والد کامران قریشی سے انڈرسٹینڈنگ نہیں تھی، کیس وکیل چلاتا ہے یا کلائنٹ؟
ملزم ارمغان نے اپنے والد سے بھی ملنے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ وکیل نہیں کریں گے۔
عدالت نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں 24 مارچ تک توسیع کر دی ہے۔

تمام بینکوں کو 27 ارب روپے کے نئے نوٹ فراہم کر چکے ہیں: سٹیٹ بینک

سٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئے بینک نوٹ جاری نہ کیے جانے سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے منگل کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق سٹیٹ بینک آف پاکستان عید الفطر 2025 کے موقع پر بھی کمرشل بینکوں کو نئے بینک نوٹ جاری کرنے کی اپنی دیرینہ سالانہ روایت کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
بیان کے مطابق اس روایت کو جاری رکھتے ہوئے سٹیٹ بینک رواں برس ماہِ رمضان کے دوران اب تک کمرشل بینکوں کی 17000 برانچوں کو تمام مالیتوں میں 27 ارب روپے کے نئے بینک نوٹ فراہم کر چکا ہے تاکہ انہیں عوام تک پہنچایا جا سکے۔ اسی طرح اس بات کو یقینی بنانے کے لیے بھی انتظامات کیے گئے ہیں کہ بینکوں کا اے ٹی ایم نیٹ ورک عید کے موقع پر عوام کو بلا تعطل معیاری اور صاف ستھرے بینک نوٹ جاری کرے۔

وزیراعظم شہباز شریف چار روزہ دورے پر سعودی عرب جائیں گے

وزیراعظم شہباز شریف 19 سے 22 مارچ تک سعودی عرب کا سرکاری دورہ کریں گے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم کے دورے کا مقصد دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا، معاشی تعاون کو بڑھانا اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سمیت اہم وفاقی وزرا اور اعلٰی حکام شامل ہوں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ دونوں رہنما ’تجارت کو فروغ دینے، اہم شعبوں میں شراکت داری کو بڑھانے اور وسیع تر اقتصادی تعاون کو آسان بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔‘
’باہمی دلچسپی اور تشویش کے امور بشمول عالمی اور علاقائی پیش رفت بالخصوص غزہ کی صورت حال، مشرق وسطیٰ میں ہوتی تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ سے متعلق مسائل ایجنڈے میں سرفہرست ہوں گے۔‘

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس، اعلٰی سیاسی قیادت پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئی

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف سمیت چاروں صوبوں کے وزرائے اعلٰی، گورنرز اور اعلٰی عسکری قیادت پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئی ہے۔
وفاقی وزرا میں سے وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، طارق فضل چوہدری اور علیم خان اور وزیراعظم کے مشیروں میں سے رانا ثنااللہ اور امیر مقام پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے ہیں۔
پاکستان کے زیرانتطام کشمیر کے وزیراعظم انوار الحق، وزیراعلٰی بلوچستان سرفراز بگٹی، وزیراعلٰی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی بھی قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچ گئے ہیں۔

لاپتہ نوجوانوں کی عدم بازیابی: کوئٹہ کراچی شاہراہ ایک بار پھر بند

صوبہ بلوچستان کے ضلع قلات میں لاپتہ ہونے والے فہیم اور خادم حسین کے لواحقین نے ان کی عدم بازیابی پر منگچر کے مقام پر کوئٹہ کراچی شاہراہ ایک بار پھر بند کر دی ہے۔
لواحقین کا موقف ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے لاپتہ فہیم اور خادم حسین کی بازیابی کے لیے جو معاہدہ کیا تھا اس پر عمل درآمد نہیں کیا ہے۔
شاہراہ کی بندش سے سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئی اور سینکڑوں مسافر پھنس گئے ہیں۔
تین روز قبل لاپتہ ہونے والے فہیم اور خادم حسین کے لواحقین نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ معاہدے کے بعد 40 گھنٹوں سے قومی شاہراہ پر جاری دھرنا ختم کیا تھا۔

بحرین کے نیشنل گارڈ کے کمانڈر کی آرمی چیف سے ملاقات

بحرین کے نیشنل گارڈ کے کمانڈر شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے منگل کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں سربراہان نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کے منظر نامے اور دوطرفہ فوجی تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مشترکہ سکیورٹی چیلنجوں سے نمٹنے اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
بحرین کے نیشنل گارڈ کے کمانڈر شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی غیرمتزلزل کوششوں کو سراہا۔

پاکستان ٹیکن 8 ٹیم کی جنوبی کوریا کے خلاف تاریخی فتح

پاکستان کی ایک ٹیم نے رواں ہفتے سیئول میں ایک خصوصی ٹیکن 8 ایونٹ میں تاریخی فتح حاصل کرتے ہوئے اس کھیل پر جنوبی کوریا کے دیرینہ تسلط کو ختم کر دیا۔
عرب نیوز کے مطابق دنیا میں ٹیکن کے مایہ ناز کھلاڑیوں میں سرفہرست ارسلان صدیقی عرف ارسلان ایش نے پاکستان کی جنوبی کوریا کے خلاف جیت کے بعد ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’پاکستان ایک بار پھر دنیا کا بہترین ٹیکن خطہ ہے۔‘
اس ٹورنامنٹ میں ہر ملک سے سات بہترین کھلاڑی کھیل رہے تھے۔

شیئر: