Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’شاہین آفریدی دنیا کے بہترین بولر ہیں لیکن مخالف ٹیموں کے لیے‘

پاکستانی بیٹرز ’انٹینٹ‘ یعنی جارحانہ کھیلنے کی کوشش میں یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے چلے گئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پانچ ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔
ڈنیڈن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 136 رنز کے ہدف کو نیوزی لینڈ نے بآسانی 5 وکٹوں کے نقصان پر 13.1 اوورز میں حاصل کر لیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سائفرٹ 45 اور فِن ایلن 38 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان نے اپنی اننگز میں مقررہ 15 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے کپتان سلمان علی آغا کے علاؤہ کوئی بھی بیٹر وکٹ پر رُک کر نہ کھیل سکا۔
دوسرے ٹی20 میں جہاں بولنگ ناکام رہی وہیں ٹاپ آرڈر نے ایک مرتبہ پھر سے مایوس کن بیٹنگ کی۔
پاکستانی بیٹرز ’انٹینٹ‘ یعنی جارحانہ کھیلنے کی کوشش میں یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے چلے گئے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف مسلسل دوسری شکست پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر کرکٹ صارفین کے تبصرے بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
ایمن نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان کرکٹ ٹیم بالکل ختم ہوگئی ہے۔‘

سعد نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’2024 کا پہلا حصہ ڈراؤنا خواب تھا لیکن ہم نے انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کو شکست دے کر ہمت حاصل کر لی اور تب میں نے سمجھا کہ چیزیں اب ٹھیک ہو جائیں گی لیکن 2025 تو مزید خراب سال ثابت ہوا ہے۔‘

حسن نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’پاکستان کرکٹ پورے ملک کی طرح افسردگی کا شکار ہے۔‘

اسامہ ظفر نے شاہین آفریدی ک بولنگ پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے تبصرہ کیا کہ ’چلو ہم ہار گئے اور سچ پوچھیں تو اس ہی کی امید تھی لیکن سب سے زیادہ تشویش کی بات شاہین کی بولنگ ہے۔ یہ چیز دیکھ کر مایوسی ہوئی ہے کہ پچھلے 48 مہینوں میں اس میں بالکل بھی بہتری نہیں آئی۔‘

اسد نے لکھا کہ ’کسی نہ کسی طرح یہ میچ پچھلے میچ سے بھی زیادہ مایوس کن تھا۔‘

ریمزے نے لکھا ’پاکستان اپنے آخری 16 ٹی20 میچز میں سے صرف 4 جیتا ہے جن میں دو زمبابوے، ایک آئیرلینڈ اور ایک کینیڈا کے خلاف تھا۔ 

شاہین آفریدی پر تنقید کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا ’شاہین آفریدی دنیا کے بہترین بولر ہیں لیکن مخالف ٹیموں کے لیے۔‘

شاہد انور لکھتے ہیں ’آپ کیوں نئے بچوں ک مستقبل کے ساتھ کھیل رہے ہیں؟ ٹیلنٹ ہوگا مگر کم سے کم انہیں 60 سے زیادہ میچز کھیلنے دیں پھر ٹیم میں لے کر آئیں۔ مجھے پتا ہے اس کے بعد یہ نئے بچے نظر نہیں آئیں گے، خدا کے لیے کچھ سوچیں۔‘

زینب نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’شاہین آفریدی کے ساتھ کیا ہوگیا ہے؟ جتنی بابر پر بات ہوتی ہے شاہین پی کیوں نہیں ہوتی؟‘

عالیہ نے کہا ’میں ہوں پاکستان کا پریمیم بولر، مخالف ٹیم کو اکیلے ہی میچ جتوا دیتا ہوں۔‘

شیئر: