پانچ ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کر لی۔
ڈنیڈن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 136 رنز کے ہدف کو نیوزی لینڈ نے بآسانی پانچ وکٹوں پر 13.1 اوورز میں حاصل کر لیا۔
نیوزی لیںڈ کی جانب سے ٹم سائفرٹ نے 45، فِن ایلن نے 38 اور مِچل حے نے 21 رنز بنائے۔
مزید پڑھیں
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے دو جبکہ محمد علی اور خوشدل شاہ نے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
نیوزی لینڈ کی اننگز
136 کے ہدف کے جواب میں نیوزی لینڈ نے دھواں دھار آغاز کیا۔
اوپنرز فِن ایلن اور ٹِم سائفرٹ نے شاہین آفریدی اور محمد علی کے ابتدائی تین اوورز میں چھکوں کی برسات کی۔
نیوزی لینڈ نے ابتدائی 4.4 اوورز میں 66 رنز بنائے۔
پاکستان کو پہلی وکٹ 66 رنز پر ملی جب ٹِم سائفرٹ محمد علی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کو دوسری کامیابی 87 رنز پر ملی جب فِن ایلن جہانداد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کا مڈل آرڈر زیادہ دیر کریز پر نہ رُک سکا۔
مارک چیپ مین اور جمی نیشم بالترتیب ایک اور پانچ رن بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔
پاکستان کو پانچویں وکٹ 132 رنز پر ملی جب ڈیرل مچل حارث رؤف کی گیند پر شاداب خان کو کیچ تھما بیٹھے۔

اس سے قبل پاکستان نے مقررہ 15 اوورز میں 9 وکٹوں پر 135 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے 46، شاداب خان نے 26 اور شاہین شاہ آفریدی نے 22 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے جیکب ڈفی، بین سیئرز اور جمی نیشم نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی اننگز
پاکستانی اوپنر حسن نواز نے ایک مرتبہ پھر اننگز کا آغاز مایوس کن کیا اور وہ مسلسل دوسری مرتبہ صفر پر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی دوسری وکٹ محمد حارث کی صورت میں گری جو 19 کے ٹیم سکور پر آؤٹ ہوگئے۔
محمد عرفان خان بھی اپنی خراب فارم سے باہر نہ آ سکے اور وہ 11 رنز بنا کر اِش سوڈھی کی گیند پر وکٹ دے بیٹھے۔
ٹاپ آرڈر تیز کھیلنے کی کوشش میں زیادہ دیر وکٹ پر نہ رُک سکا۔
نیوزی لیںڈ کو اگلی کامیابی خوشدل شاہ کی وکٹ کی صورت میں ملی جو صرف 2 رن بنا کر اِش سوڈھی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے مِچل ہے کو کیچ دے بیٹھے۔
پاکستان کی پانچویں وکٹ 76 رنز پر گری جب کپتان آغا سلمان 28 گیندوں پر 48 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد واپس پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی چھٹی وکٹ 110، ساتویں وکٹ 111 اور آٹھویں وکٹ 114 رنز پر گری۔

نویں وکٹ کے لیے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے مزاحمت دکھائی۔
شاہین آفریدی نے اپنی مختصر اننگز میں ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 14 گیندوں پر 22 رنز بنائے۔
پاکستان کی نویں وکٹ اننگز کی آخری گیند پر گری جب حارث رؤف دوسرا رن لیتے ہوئے رن آؤٹ ہوگئے۔
یہاں خیال رہے کہ بارش کے باعث میچ 15 اوورز فی اننگز مقرر کیا گیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹی20 میچ 21 مارچ کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔