ایک امریکی خاتون کی جانب سے اپنے پالتو کتے کو فلوریڈا ایئرپورٹ کے باتھ روم میں ڈبو کر ہلاک کرنے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
برطانوی اخبار ’دی گارڈیئن‘ کے مطابق اس خاتون مسافر کو بتایا گیا تھا کہ وہ پالتو کتے کو ساتھ نہیں لے جا سکتیں۔
امریکی ریاست لوسیانا سے تعلق رکھنے والی 57 سالہ مسافر خاتون ایلیسن لارنس کو اب اس جرم کے ارتکاب کے الزام کا سامنا ہے جسے پولیس نے ’ایک ظالمانہ اور غیرضروری موت‘کے طور پر بیان کیا ہے۔
ایلیسن لارنس 16 دسمبر کو چھوٹی جسامت کے اپنے پالتو کتے ٹائیوِن کے ساتھ اورلانڈو انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچی تھیں جہاں سے انہیں کولمبیا جانا تھا۔
مزید پڑھیں
اورلانڈو پولیس کے مطابق ضروری دستاویزات میں مسائل کی وجہ سے وہ اپنے پالتو جانور کو اپنے ساتھ نہیں جا سکتی تھیں۔
ایئرپورٹ پر نگرانی کے لیے نصب کیمروں میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایئرلائن کے ایجنٹ سے چند منٹ بات چیت کے بعد ایلسن لارنس اپنے کتے کو ساتھ لے کر ٹکٹنگ ایریا کے قریب بنے باتھ روم میں داخل ہوتی ہیں۔
اس کے 20 منٹ بعد وہ باتھ روم سے باہر آتی ہیں لیکن ان کے ساتھ پالتو جانور نہیں ہوتا۔ پھر وہ ٹرمینل میں داخل ہو کو کولمبیا کی لیے روانہ ہو جاتی ہیں۔
اس سے قبل ایک چوکیدار نے مبینہ طور پر ان خاتون کو باتھ روم میں پانی اور ڈاگ فوڈ صاف کرتے دیکھا تھا۔ اس کے بعد ایک اور ملازم کو کتے کی لاش ایک کچرے کے ڈبے سے ملی تھی۔
جب تحقیق کا آغاز ہوا تو ٹائیوِن کے جسم سے ایک مائیکروچِپ ملی جس سے اس کی مالکہ کا پتا چلا۔
پولیس نے کہا ہے کہ ایلیسن لارنس نے کتے کو مار ’انتہائی درجے کا اور تکلیف دہ اقدام‘ کیا ہے۔
پولیس نے بدھ کو ایلیسن لارنس کو لیک کاؤنٹی م فلوریڈا سے گرفتار کر لیا تھا۔ اس کے بعد انہیں پانچ ہزار ڈالر کے عوض ضمانت پر رہا کر دیا گیا تاہم انہیں اس مقدمے کا سامنا کرنا ہو گا۔
واضح رہے کہ امریکہ سے کولمبیا سفر کے لیے پالتو جانوروں کی ویکسینشن کا سرٹیفیکیٹ ہونا لازمی ہے۔