Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لیبیا : شادی کی تقریب میں پالتو شیر بےقابو، پنجے مار کر کئی افراد کو زخمی کر دیا

شیر کے حملے سے متعدد مہمان شدید زخمی ہوگئے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
لیبیا میں شادی کی تقریب کے مہمانوں پر پالتو شیر نے حملہ کردیا۔ ببرشیر ہجوم سے مانوس نہیں تھا جس پر وہ بپھر کر مالک کے قابو سے باہر ہو گیا۔
العربیہ نیوز کے مطابق ناخوشگوار واقعہ لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں پیش آیا جہاں شادی کی تقریب کے مہمانوں میں ایک شخص اپنے پالتو شیر کے ساتھ ہال میں داخل ہوا۔
شیر اپنے مالک کے ساتھ ہال میں داخل ہوا تو وہ وہاں اتنے بہت سے لوگوں کو دیکھ کر گھبرا گیا ۔ بپھر جانے والے شیر کو اس حالت میں دیکھ کراس کے مالک نے اسے قابو کرنے کی کوشش کی مگر شیر اپنے مالک سے زیادہ طاقتور تھا اوروہ رسی چھڑا کر ہجوم پر لپکا اسی اثنا میں مالک نے دیگر لوگوں کے ساتھ مل کر اس پر قابو پانے کی کوشش کی مگر شیر نے یہ کوشش ناکام بنا دی۔
شیر کے مالک نے اس کے سر پر مخصوص طریقے سے چابک کا دستہ مارا جس پر وہ مزید سیخ پا ہو گیا اور وہاں موجود افراد پر حملہ کردیا۔ شیر کےنوکیلے و طاقتور پنچوں کی زد میں آکر متعدد مہمان شدید زخمی ہوگئے اسی اثنا میں مالک نے اپنے ڈرائیور اور دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر شیر پر دوبارہ قابو پانے کی کوشش کی مگر وہ بھاگتا ہوا شادی ہال سے باہر نکل گیا۔
سوشل میڈیا پر واقعے کی وڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس قسم کے واقعات کا تدارک کیا جائے اور ایسے لوگوں کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنے پالتو مگر خطرناک جانوروں کو عوامی مقامات پر نہ لائیں۔

شیئر: