مسجد الحرام میں افطار کے دوران سعودی قہوے کا بھی خصوصی انتظام
زائرین میں کھجور والے بسکٹ اور سادہ کھجوریں بھی تقسیم کی جاتی ہیں( فوٹو: سبق)
مسجد الحرام میں سعودی رضاکار اورمسجد کی انتظامیہ عمرہ زائرین کو روزہ افطار کرانے میں پیش پیش ہیں۔
صحن مطاف اور مسجد الحرام کے اندر مختلف مقامات پر زائرین کے لیے سعودی قہوے کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔
سعودی ٹی وی الاخباریہ کی رپورٹ کے مطابق رضا کاروں کے متعدد گروپس مسجد الحرام کے کونے کونے میں افطار سے تھوڑی دیر قبل زائرین میں کھجور والے بسکٹ، سادہ کھجوریں تقسیم کرتے ہیں۔
سعودی قہوہ بھی خصوصی طور پر زائرین کو افطاری کے دوران تقسیم کیا جارہا ہے۔
جس کےلیے مخصوص تھرمس میں رضاکار قہوہ لاتے ہیں ان کے ساتھ چھوٹی کاغذ کی پیالیاں بھی ہیں جن میں وہ زائرین کو قہوہ پیش کرتے ہیں۔
دوسری جانب مسجد الحرام کے بیرونی صحنوں میں روزہ داروں کے لیے افطاری دسترخوانوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
افطاری کی تقسیم بھی منظم انداز میں کی جاتی ہے۔ افطاری کے فوری بعد کارکن دسترخوان سمیٹ لیتے ہیں تاکہ نماز میں تاخیر نہ ہو۔
