مکہ مکرمہ اور ریاض سمیت متعدد شہروں میں مطلع گرد آلود
’اضم، میسان، بنی یزید اور الخرمہ میں رات 9 بجے تک درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے آج منگل کو مکہ مکرمہ، ریاض، الجوف، شمالی حدود، مشرقی ریجن اورعسیر کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’آج مکہ مکرمہ ریجن کے متعدد شہروں میں مطلع گرد آلود ہے جس کی وجہ سے شام 5 بجے تک غبار آلود ہوا چلے گی اور حد نگاہ متاثر ہوگی‘۔
’جبکہ اضم، میسان، بنی یزید اور الخرمہ میں دوپہر ایک بجے سے رات 9 بجے تک درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے‘۔
ریاض ریجن کی بھی یہی صورتحال ہے جس کے متعلق محکمے نے کہا ہے کہ ’الدوادمی، الافلاج، عفیف اور وادی الدواسر کے علاوہ دیگر علاقوں میں 5 کلو میٹر تک رفتار کی گرد آلود ہوا چلے گی جبکہ شام 6 بجے تک حد نگاہ متاثر ہوگی‘۔
محکمے نے بتایا ہے کہ ’گرد آلود مطلع اور تیز ہوا کی کیفیت الجوف، شمالی حدود اور مشرقی ریجن کے متعدد شہروں میں بھی ہوگی جہاں بعض علاقوں میں ہلکی بارش کا بھی امکان ہے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’جازان، الباحہ اور عسیر کے کئی شہروں میں گرج چمک کے ساتھ درمیانے درجے کی بارش ہوگی‘۔