Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرہ زائرین 29 اپریل تک اپنے ملکوں کو لوٹ جائیں: وزارت حج

بیرون ملک سے عمرہ زائرین 13 اپریل تک مملکت آسکتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
وزارتِ حج کا کہنا ہے کہ 15 شوال بمطابق 13 اپریل 2025 تک بیرون ملک سے عمرہ زائرین مملکت آ سکتے ہیں جس کے بعد حج سیزن کی تیاریوں کا آغاز کر دیا جائے گا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے مزید کہا ہے کہ یکم ذی القعدہ بمطابق 29 اپریل یا اس سے قبل عمرہ ویزے پر مملکت آنے والے ہر صورت میں واپس لوٹ جائیں کیونکہ حج فلائٹوں کی آمد کے ساتھ ہی عمرہ زائرین کا مملکت میں قیام غیرقانونی تصور کیا جائے گا۔
وزارت حج نے عمرہ ویزے پر مملکت میں مقیم زائرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ قوانین پرسختی سے عمل کریں اور 29 اپریل یا اس سے قبل مملکت سے چلے جائیں۔ مقررہ تاریخ کے بعد مملکت میں رہنے والے عمرہ زائرین امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائیں گے جس پر جرمانہ مقرر ہے۔
قبل ازیں وزارت نے عمرہ زائرین کی واپسی میں تاخیر پر ایک لاکھ ریال جرمانے کی بھی اطلاع دی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ وہ کمپنیاں جن کے تحت بیرون ممالک سے عمرہ زائرین مملکت آتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ اپنے زیرانتظام مملکت آنے والے زائرین کی وقت مقررہ پر واپسی کو یقینی بنائیں تاکہ بھاری جرمانے سے بچ سکیں۔
 

 

شیئر: