نئی دہلی۔۔۔۔وزیر اعظم نریندر مودی نے 1975ء میں لگائی گئی ایمرجنسی کے 42سال مکمل ہونے پر کہا ہے کہ جمہوریت کے تحفظ کیلئے نگرانی کی ضرورت ہے۔ اتوار کو ’’من کی بات‘‘پروگرام میں انہوں نے کہا کہ جمہوریت سے محبت کرنیوالا کوئی بھی شخص اس سیاہ رات کو نہیں بھول سکتا ۔اس ایمرجنسی کو ان معنوں میں یاد رکھا جائیگا کہ اس وقت ہندوستانی عوام نے متحد ہوکر جمہوری اقدار کی حفاظت کی۔انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی دور میں ملک کو یرغمال بنا لیا گیا تھاجبکہ اپوزیشن کو مکمل طور پر دبا دیا گیا تھا۔واضح رہے کہ 25جون 1975ء کو اندرا گاندھی نے ایمرجنسی کا اعلان کیا تھاجبکہ اس وقت کے صدر فخرالدین علی احمد نے اس اعلان پر دستخط کئے تھے۔ یہ ایمرجنسی 12جون 1975ء کو الٰہ آباد ہائیکورٹ کے اس فیصلے کے تناظر میں لگائی گئی تھی کہ اندراگاندھی انتخابی بدعنوانی کی مجرم پائی گئی تھیں۔