واشنگٹن۔۔۔۔وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان دنیا کو دہشتگردی کا چہرہ دکھانے میں کامیاب رہا ہے جس نے ہمارے ملک میں امن اور عام زندگی کو تباہ کیا ۔ پاکستان کا نام لئے بغیر انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک نے دہشتگردوں کے اڈوں کے خلاف ہمارے سرجیکل حملے پر سوال نہیں اٹھایا۔ ورجینیامیں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کنٹرول لائن کے پارہونے والے سرجیکل حملے نے ثابت کردیا کہ ہند اپنے دفاع کیلئے سخت ترین اقدامات کرنے سے گریز نہیں کریگا۔انہوں نے کہا کہ جب ہم نے 20سال پہلے دہشتگردی کا مسئلہ اٹھایا تھا تو دنیا کے بہت سے ملکوں نے کہا کہ یہ امن و امان کا مسئلہ ہے۔ اس وقت کسی کو بھی یہ بات سمجھ نہیں آئی تھی لیکن اب دہشتگردوں نے خود ہی دنیا کے سامنے وضاحت کردی کہ آخردہشتگردی کا مطلب کیا ہے؟۔جب ہم نے سرجیکل حملے کئے تودنیا کو ہماری طاقت کا احساس ہوا۔ جب تک ہم صبرکرتے رہے ہم نے صبرکیا لیکن جب ضرورت پیش آئی تو ہند دہشتگردی سے نمٹنے اور اپنا تحفظ کرنے کیلئے طاقت بھی استعمال کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ایک ملک نے سرجیکل اسٹرائیک کے بارے میں سوال نہیں اٹھایا اور ہندنے پاکستانی سرزمین پر دہشتگردوں کے کیمپوں پر سرجیکل حملے کئے۔وزیر اعظم نے چین پر بھی تنقید کی ۔انہوں نے کہا کہ ہند اپنے مقاصد کے حصول کیلئے عالمی نظام کو تباہ نہیں کرنا چاہتا۔یہی ہماری ثقافت اور روایات ہیں۔