ریاض میں پاکستان ڈاکٹرز فورم کی رنگا رنگ عید ملن پارٹی
ریاض ( ذکاءاللہ محسن)عید خوشیوں کی ایسی برسات آئی ہے کہ ہر جانب عید ملن پارٹیوں کا دور دورہ ہےجن میں پاکستانی کمیونٹی جوش و خروش کے ساتھ شرکت کر رہی ہے۔ ایسی ہی ایک رنگا رنگ تقریب پاکستان ڈاکٹرز فورم کے زیر اہتمام سجائی گئی جس میں پاکستانی ڈاکٹروں کی بڑی تعداد کے علاوہ سفارت خانہ پاکستان کے اہم افسران نے شرکت کی۔فیملی فن سے بھرپور اس تقریب میں بچوں کی دلچسپی کے لئے میوزیکل چیئر کا مقابلہ کروایا گیا جس کو بچوں نے خوب پسند کیا اور جیتنے والے بچے کو آئی فون موبائل تحفے میں دیا گیا۔ عید ملن پارٹی ہو اور اس میں پاکستانی میوزک کا تڑکا نہ ہو ا،یسا ممکن نہ تھا۔ ایک طرف گلوکاروں نے اپنی گائیکی کے جوہر دکھائے تو دوسری جانب منچلے جوانوں نے رقص کرکے حاضرین کے دل جیت لئے۔ اس موقعہ پر ڈاکٹرز فورم کے چیئرمین ڈاکٹر ریاض خواجہ اور صدر ڈاکٹر تنویر احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری یہ اولین کوشش رہی ہے کہ عید کے موقعے پر مل بیٹھ کر عید کو اچھے انداز میں منایا جائے تاکہ وطن اور اپنوں سے دوری کے احساس کو کم کیا جائے۔نائب صدر ڈاکٹر اسد رومی اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فرحان نے کہا کہ جس طرح ہم پاکستان میں عید منایا کرتے تھے، ہماری یہ کوشش رہی ہے کہ ویسا ہی ماحول یہاں دیا جائے جس میں ہم کامیاب رہے ہیں۔ سعودی عرب میں ہر قومی اور مذہبی تہوار کے موقعہ پر پاکستانی کمیونٹی بھرپور طریقے سے مناتی ہے۔ ڈاکٹر ارم قلبانی نے کہا کہ یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ سعودی عرب میں مقیم کمیونٹی پنجابی، سندھی، بلوچی، پختون، کشمیری، سرائیکی، بتلستانی نہیں بلکہ ایک پاکستانی کی حیثیت سے شریک ہوتے ہیں اور اس سے یگانگت اور باہمی بھائی چارے کی ایسی شاندار فضا بنتی ہے جس کا اثر پاکستان کے اندر تک محسوس ہوتا ہے۔ تقریب کے مہمان خصوصی سفارت خانہ پاکستان کے نائب سفیر حسن وزیر نے کہا کہ ڈاکٹرز فورم کی جانب سے منعقدہ عید ملن پارٹی میں شرکت کرکے بہت اچھا لگا۔ پاکستانی ڈاکٹرز کی جانب سے ہمیشہ سعودی عرب میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا ہے جبکہ ڈاکٹرز فورم کی جانب سے سفارت خانہ میں فری میڈیکل کیمپوں کے انعقاد سے پاکبانوں کو صحت کی بہتر سہولیات بھی میسر آتی ہیں ۔عید ملن پارٹیوں میں شرکت سے آپس میں مل بیٹھنے کا موقعہ ملتا ہے اور اس سےاپنائیت کا اظہار ہوتا ہے۔ عید ملن پارٹی میں مختلف پاکستانی پکوانوں کے علاوہ حاضرین میں تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔
وڈیو دیکھنے کے لئے کلک کریں: