مورو.. سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہاہے کہ سیاست میں بہت دور تک سوچنا پڑتا ہے۔ اگر صدر کے اختیارات پارلیمنٹ کو نہ دیتے تو نواز شریف تاحیات صدر بن جاتے۔ ہفتے کو مورو میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ نواز شریف 4 مرتبہ حکومت کرچکے لیکن پاکستان کا روشن مستقبل صرف پیپلزپارٹی کے پاس ہے۔ پیپلزپارٹی جب بھی اقتدار میں آئی پاکستان مشکل حالات میں تھا، پارٹی نے ہمیشہ اپنے دور میں ملک کی حالت بہتر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سرحدیں بڑھانے کے لئے کشمیر کی بات نہیں کرتا بلکہ کشمیر پاکستان کا مسئلہ ہے جس پر اقوام متحدہ کی قرارداد ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سفارتی جنگ ہار رہا ہے لیکن حکومت پر اس کا کوئی اثر نہیں ہو رہا۔پیپلز پارٹی چھوڑنے والوں کا نام لئے بغیر زرداری نے کہا کہ کارکنان اِدھر ا±دھر جانے والے گندے انڈوں کو بھول جائیں۔کپتان صرف تصویریں کھنچوا رہا ہے ، گندے انڈوں کو ٹکٹ نہیں دے گا ۔ دوست پرامید رہیں اگلی فتح ہماری ہے۔