ابہا میں سیاحتی میلہ شروع ، آئندہ ماہ کے اختتام تک جاری رہے گا
وی آئی پی سروس اور خصوصی بسیں فراہم کی گئی ہیں، ڈی جی سیاحتی کمیٹی
ابہا:سیاحتی کمیٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد العمرہ نے کہا ہے کہ ابہا میں سیاحتی میلہ کامیابی سے جاری ہے ۔ میلے میں آنے والوں کیلئے خصوصی سیاحتی بسیں چلائی گئی ہیں جن سے 12 ہزار افراد مستفیض ہو نگے ۔ سبق نیوز کے مطابق ابھا میں گزشتہ برس کے کامیاب تجربے کے بعد امسال سیاحتی بسوں کو مزید بہتر کیا گیا ہے۔ ریجن میں سیاحتی میلہ ذی القعدہ کے اختتام تک جاری رہے گا اس دوران مختلف شہروں سے آنے والے سیاحوں کو ریجن میں موجود متعدد سیاحتی مقامات کی سیر کروائی جاتی ہے ۔ امسال جو سیاحتی بسیں کمیٹی کی جانب سے فراہم کی گئی ہے ان میں ایک بس وی آئی پی خدمات سے مزین ہے جس میں انٹرنیٹ کی سہولت کے علاوہ 8 زبانوں میں معلوماتی مواد پیش کیا جارہا ہے تاکہ ان ملکوں کے افراد اپنی زبان میں سیاحتی مقامات کے بارے میں مفصل معلومات حاصل کرسکیں۔ ڈائریکٹر سیاحتی کمیٹی نے مزید کہا کہ سیاحتی بسیں عالمی معیار کے مطابق ہیں جو متعدد ممالک میں سیاحوں کیلئے مخصوص ہیں ۔