جدہ: پی ٹی آئی کے زیر اہتمام اجلاس، جمشید دستی کی گرفتاری پر مذمت
جدہ (جاوید راہو) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں نے جمشید دستی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے، چیف جسٹس آف پاکستان سے انکی فوری طور پر رہائی کا مطالبہ کیا۔ جدہ میں منعقد ہونے والی تقریب کے شرکاءنے کہا کہ جمشید دستی غریبوں کی خاطر اسوقت جیل کی کال کوٹھڑی میں بند ہیں۔ ایم این اے ہونے کے ناطے پنجاب پولیس نے ان کے ساتھ کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی ۔ انہیں بیشمار جھوٹے مقدموں میں پھنسایا گیا ہے۔جمشید کا قصور صرف اتنا تھا کہ انہوں نے جاگیردارانہ نظام کیخلاف اور غریبوں کے حقوق کیلئے آواز اٹھائی تھی۔قاسم دستی نے کہا کہ میاں برادران نے انتقامی کارروائی کے تحت ان کو گرفتار کرایا ۔ سرائیکی عوام پچھلے70 سال سے پسماندگی اور محرومیوں کا شکار ہیں جبکہ موجودہ حکمران صرف اپنے آپ کو بچانے اور لوٹ مار میں مصروف ہیں۔ سرائیکی قوم کا مستقبل تاریک کرنے کی ہر سازش ناکام بنادی جائے گی۔تقریب کے اختتام پر جمشید دستی کی جلد رہائی اور سانحہ احمد پور شرقیہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے دعا کی گئی۔تقریب میں حاجی وزیر خان چنگوانی، ملک محمد، حبیب خان عمرانی، لطیف عمرانی، سیف عمرانی، حنیف عیسانی، غلام عباس عمرانی، نواز عمرانی اوراشفاق دستی شامل تھے۔