لاہور ... سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر نے کہا ہے کہ حکومت گاڈ فادر ہوتی تو جے آئی ٹی نہ بنتی۔ جے آئی ٹی پر تنقید سپریم کورٹ پر تنقید نہیں ۔ لاہور ہائیکورٹ بار میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ پانامہ کیس قانونی سے زیادہ سیاسی ہو گیا ۔ نواز شریف سمیت پورے خاندان کو سزا دی جائے لیکن پہلے انہیں مجرم ثابت کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد ٹرائل ہو گا ، بغیر ٹرائل سزا نہیں ہو سکتی۔ ایک سوال پر انہوںنے کہا کہ جے آئی ٹی کو قطر بھجوانے میں کوئی حرج نہیں ۔ ماضی میں اس کی مثال ملتی ہے۔ سپریم کورٹ بار کی سابق صدر نے کہا کہ میمو گیٹ ا سکینڈل میں بھی تحقیقاتی ٹیم بیرون ملک گئی۔ انہوں نے پیش گوئی کی کہ اگر نواز شریف کو نکالا گیا تو شوکت عزیز جیسا کوئی اور وزیراعظم آ جائے گا ۔